کوٹلی ، فتح پور تھکیالہ (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر ٹیوٹاجاوید اقبال بڈھانوی نے گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر فتح پور تھکیالہ کا دورہ کیا اور ادارے میں جاری فنی و تکنیکی تربیتی سرگرمیوں، تعلیمی معیار اور دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔
وزیر کی آمد پر پرنسپل ڈسٹرکٹ کنٹرولنگ آفیسر سردار فہیم حنیف خان، سینئر انسٹرکٹر خالد محمود بھٹی، سردار سوار خان اور تدریسی و انتظامی عملہ موجود تھا، جنہوں نے وزیر کا پُرتپاک استقبال کیا ۔
دورے کے دوران وزیر ٹیوٹانے مختلف شعبہ جات میں جاری کورسز، عملی ورکشاپس اور ٹریننگ لیبارٹریز کا معائنہ کیا اور طلبہ و طالبات کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے اساتذہ کی تدریسی مہارت، طلبہ کی حاضری اور نظم و ضبط اور عملی تربیت کے طریقہ کار کو سراہا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہمیں اپنی ترجیحات میں اپنی آزاد ی کو صف اول رکھنا ہوگا، جاوید اقبال بڈھانوی
طلبہ نے وزیر کو بتایا کہ ادارے میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور روزگار دوست کورسز کروائے جا رہے ہیں ،جو انہیں عملی زندگی میں بہتر مواقع فراہم کرتے ہیں اور نجی و سرکاری شعبوں میں روزگار کے قابل بناتے ہیں ۔
پرنسپل سردار فہیم حنیف خان نے انہیں ادارے کی مجموعی کارکردگی، زیرتربیت طلبہ کی تعداد، خواتین کے پروگرامز اور ادارے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ نہ صرف نوجوان بلکہ خواتین کو ہنر مند بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس سے معاشرتی اور اقتصادی ترقی میں مدد مل رہی ہے ۔
وزیر ٹیوٹا نے کہا کہ نوجوان ریاست کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہنر مند اور خود کفیل بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فنی تعلیم نوجوانوں کو نہ صرف اپنے خاندان کی کفالت کے قابل بناتی ہے بلکہ ریاست کی معاشی ترقی اور تعمیر میں بھی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔




