محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں موسم سے متعلق اہم پیش گوئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بعض علاقوں میں بارش اور موسم کی مزید خرابی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

سرد ہواؤں اور جزوی ابر آلود موسم کے باعث نہ صرف شہری علاقوں بلکہ بالائی علاقوں میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے ۔ مری، گلیات اور اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

شمالی علاقوں میں سردی کی شدت سب سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ بگروٹ اور سکردو میں درجہ حرارت منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مقامی لوگوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق راولپنڈی، مری، پوٹھوہار ریجن، لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور گجرات میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ شمالی علاقوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور مری میں برفباری کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہو سکتی ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ کا خدشہ ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دبئی میں گرج چمک کیساتھ موسلادھاربارش ، پولیس نے انتباہ جاری کردیا

بلوچستان کے مختلف علاقوں جیسے چاغی، نوشکی، پنجگور، کیچ، گوادر، کوئٹہ، قلات، مستونگ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی اور ژوب میں بھی بارش متوقع ہے، جو سردی کو مزید بڑھا سکتی ہے ۔

ادھر پنجاب کے کئی شہروں میں دھند اور اسموگ نے تشویش پیدا کر دی ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اسموگ کی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے ۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی، دھند اور ممکنہ بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ بالائی علاقوں میں سیاحتی سفر سے قبل موسمی صورتحال کی جانچ ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچا جا سکے ۔

Scroll to Top