اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان تحریک انصاف کے صدر، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر اور سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان سے اہم ملاقات کی۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں تحریک آزادی کشمیر، ملکی سیاسی استحکام اور امن و امان کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چوہدری پرویز الٰہی نے سردار تنویر الیاس خان کو ان کے نااہلی کیس میں آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ کی جانب سے ریلیف ملنے پر مبارکباد پیش کی۔
چوہدری پرویز الٰہی نے سردار تنویر الیاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ پہلے کی طرح اب بھی ملکی تعمیر و ترقی کیلئے موثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’کشمیریوں کے دل پاکستانیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ اس وقت آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے اور یہ اہم قومی ذمہ داری سردار تنویر الیاس خان بخوبی ادا کر سکتے ہیں۔
چوہدری پرویز الٰہی نے جموں و کشمیر کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب تک جموں و کشمیر بھارت کے تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا، تب تک ہر پاکستانی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
پاکستانی ریاست اور عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دیا ہے اور یہ حمایت جاری رہے گی۔ سردار تنویر الیاس خان نے چوہدری پرویز الٰہی کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری برادران کا ریاست کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار رہا ہے
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم جاری ہیں، انسانی حقوق کی پامالیاں کی جارہی ہیں، اقوام متحدہ ، یورپی یونین ، او آئی سی ممالک کو چاہیے کہ کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیتے ہوئے پاکستان سے الحاق کا موقع میسر دیا جائے،
لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کیلئے جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اور دے رہے ہیں اہلیان جموں کشمیر کی امیدوں کا محور ہمیشہ سے مملکت خداد پاکستان اور پاکستان کی افواج رہی ہیں، 25 کروڑ عوام اور افواج نے ہمیشہ کشمیریوں کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
اس ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سردار عمر تنویر خان، پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید اور میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ قمر الزمان بھی موجود تھے۔