اسلام آباد : سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پاکستان سٹیبلٹی پارٹی آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیر اعظم سردار تنویر ایاز خان سے ان کےفارم ہاؤس پر ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کشمیر کی آزادی، ملک میں سیاسی استحکام اور موجودہ امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔
چوہدری پرویز الہٰی نے سردار تنویر ایاز خان سے بات کرتے ہوئے کہا “آپ کو پہلے کی طرح ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔” انہوں نے مزید کہا”کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ اس وقت آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام کی شدید ضرورت ہےاور یہ اہم قومی ذمہ داری سردار تنویر ایاز خان ہی ادا کر سکتے ہیں۔”
جموں و کشمیر کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا، “جب تک جموں و کشمیر بھارت کے تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتاہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہےگا اورپاکستانی ریاست اور عوام ہمیشہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں اور یہ حمایت جاری رہے گی۔”
سردار تنویر ایاز خان نے چوہدری پرویز الہٰی کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری برادران نے ریاست کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان سے اپنی وابستگی کے لیے قربانیاں اور مالی جانی قربانیاں دی ہیں۔ جموں و کشمیر کے عوام کی امیدیں ہمیشہ پاکستان کی فوجوں سے وابستہ رہی ہیں اور 25 لاکھ کشمیریوں اور پاکستانی فورسز نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر رہنما شیخ ارشدکا بلاول بھٹو کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سردار عمر تنویر خان، سیاسی مشیر سردار افتخار رشید اور میڈیا کوآرڈینیٹر راجا قمر زمان بھی موجود تھے۔