نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کیلئے شناختی کارڈ سے متعلق ایک اہم ہدایت جاری کی ہے،
جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) مقررہ وقت کے اندر نادرا دفاتر سے وصول کیا جانا ضروری ہےورنہ شناختی کارڈ بروقت وصول نہ کرنے کی صورت میں شہریوں کو مختلف پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نادرا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جب کوئی شہری اپنے قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست جمع کرواتا ہے تو اس کے بعد مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر شناختی کارڈ حاصل کرنا لازم ہوتا ہے۔ اتھارٹی نے زور دیا ہے کہ مقررہ مدت کی پابندی نہ کرنے کی صورت میں شناختی کارڈ سے متعلق مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، جن سے بچنے کے لیے شہریوں کو مقررہ وقت کا خیال رکھنا چاہیے۔
نادرا نے شناختی کارڈ وصول کرنے سے متعلق اپنی تازہ ترین پالیسی بھی واضح کی ہے۔ پالیسی کے مطابق اگر کسی شہری کا سی این آئی سی نامزد ترسیل کی تاریخ کے تین ماہ کے اندر وصول نہیں کیا جاتا تو وہ شناختی کارڈ مستقل طور پر مسترد کر دیا جائے گا۔ ایسے تمام معاملات میں متعلقہ فرد کو نئے شناختی کارڈ کے لیے دوبارہ درخواست دینا ہوگی اور اس کے لیے مقررہ فیس بھی دوبارہ ادا کرنا ہوگی۔
اتھارٹی نے درخواست دہندگان کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستان آئی ڈی موبائل ایپ کا استعمال کریں یا شناختی کارڈ کے لیے درخواست دیتے وقت ہوم ڈلیوری سروس کا انتخاب کریں۔ اس سہولت کے ذریعے شہری اپنا شناختی کارڈ براہ راست اپنے پتے پر وصول کر سکتے ہیں، جس سے نادرا کے دفتر جانے کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مخصوص سیاسی عناصر کا بدامنی کا ایجنڈا بے نقاب،نادرا کی وضاحت جاری
نادرا کی جانب سے نئے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی فیس اور پروسیسنگ سے متعلق تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق پاکستان میں نیا سی این آئی سی حاصل کرنے کے لیے پروسیسنگ فیس اور ٹائم لائنز کو تین مختلف خدمات میں تقسیم کیا گیا ہے، جو درخواست دہندگان کی ضرورت کے مطابق فراہم کی جاتی ہیں۔
عام سروس کے تحت نیا قومی شناختی کارڈ بلا معاوضہ فراہم کیا جاتا ہے اور اس کی پروسیسنگ میں 15 دن کا وقت درکار ہوتا ہے۔ ارجنٹ سروس کے انتخاب کی صورت میں درخواست دہندگان کو 1,150 روپے فیس ادا کرنا ہوتی ہے اور شناختی کارڈ 12 دن کے اندر جاری کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح ایگزیکٹو سروس کے لیے 2,150 روپے فیس مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت شناختی کارڈ صرف 6 دن میں جاری کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیدائش کے دن بچوں کی رجسٹریشن، نادرا کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا
نادرا کے مطابق ان تمام ہدایات اور سہولیات کا مقصد شناختی کارڈ کے اجرا اور وصولی کے عمل کو منظم بنانا ہے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات سے بچایا جا سکے۔




