آزاد کشمیر میں شدید سردی برقرار، بارش اور برفباری کی نئی پیشگوئی

مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک ہےجبکہ اتوار کے روز ہونے والی ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا تھا جو اب بھی برقرار ہے۔  محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے لیے کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہےجبکہ بعض مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔

کشمیر میں اس وقت ملے جلے موسم کے ساتھ مظفرآباد کا درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو رات کے وقت کم ہو کر 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے اس کے علاوہ وادی نیلم، لیپہ، راولاکوٹ، باغ، حویلی اور پیر چناسی سمیت بالائی علاقوں میں شدید سردی برقرار ہے۔ وادی نیلم کے بالائی مقامات پر درجہ حرارت -2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہےجبکہ راولاکوٹ میں اس وقت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، باغ میں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور کوٹلی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسم ابر آلود رہے گا جبکہ بعض مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ شمالی علاقوں اور بلند مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے جو سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر سکتی ہے ساتھ ہی مظفرآباد، میرپور، کوٹلی، باغ اور راولاکوٹ میں بھی ہلکی بارش کے امکانات ہیں جبکہ سردی کی موجودہ لہر برقرار رہے گی۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں شدید برفباری کے باعث سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔ سیاحوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کی منصوبہ بندی کریں اور برفباری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Scroll to Top