محسن نقوی

پی ایس ایل 26 مارچ 2026 سےشروع ہوگی، چیئرمین محسن نقوی کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 26 مارچ سے 2026 شروع ہوگی ، انہوں نے کہاکہ دو نئی ٹیموں کی بڈنگ 22 دسمبر کو ہوگی اور یہ شفاف انداز میں براہِ راست نشر کی جائے گی ۔

محسن نقوی نے نیویارک میں منعقدہ پی ایس ایل روڈ شو کے دوران کہا کہ پی سی بی لیگ کو عالمی معیار کی بہترین کرکٹ لیگ بنانے کیلئے پُرعزم ہے اور پاکستان کرکٹ کا مستقبل روشن ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر 1 لیگ بنانا ہے ۔

نیویارک میں پی ایس ایل ٹرافی ٹور اور فین مومنٹ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ روڈ شو میں قومی ترانہ پیش کیا گیا اور تقریب میں قومی مردانہ کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑی شامل تھے، جن میں سلمان علی آغا، ابرار احمد، فہیم اشرف، صائم ایوب، شان مسعود اور سعود شکیل شامل تھے ۔

روڈ شو کے دوران پی سی بی چیئرمین کے ساتھ کرکٹ لیجنڈز نے پینل گفتگو بھی کی۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پی ایس ایل ایک مضبوط عالمی برانڈ کے طور پر ابھری ہے اور پاکستان کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پی ایس ایل میچز آزادکشمیر میں کروانے کا اعلان، بھارت میں کھلبلی

انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف ثقافتوں کو قریب لاتا ہے بلکہ کھیل سفارتکاری کا بھی مؤثر ذریعہ ہے ۔ سلمان نصیر نے بتایا کہ لیگ شائقین کے لیے جنون کا باعث ہے اور پاکستان کرکٹ کی پہچان بن چکی ہے ۔

وسیم اکرم نے کہا کہ لیگ میں مقامی ٹیلنٹ کو بھرپور مواقع مل رہے ہیں اور یہ شائقین کے لیے تفریح کا بہترین ذریعہ ہے ۔

 شان مسعود نے کہا کہ لیگ میں شامل ہونے سے ان کی کارکردگی بہتر ہوئی، جبکہ سلمان علی آغا نے بتایا کہ لیگ کھیل کر پریشر ہینڈل کرنا آتا ہے ۔

سعود شکیل نے غیر ملکی کوچز کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو بہترین قرار دیا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی سطح کے کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کے مواقع فراہم کرتی ہے ۔

محسن نقوی نے مزید کہاکہ قومی کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کرکٹ کی بہتری کے لیے مل کر کام کر رہی ہیں ۔

Scroll to Top