پونچھ دورہ: وزیراعظم آزاد کشمیر کی بجلی، صحت اور ترقیاتی منصوبوں پر ہدایات

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ضلع پونچھ کے دورے کے دوران راولاکوٹ میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں ترقیاتی منصوبوں اور مختلف محکمہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کو راولاکوٹ اور گردونواح میں جاری ترقیاتی منصوبوں، محکمہ صحت، برقیات، شاہرات اور دیگر متعلقہ اداروں کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے محکمہ برقیات کو ہدایت کی کہ عوام کو بجلی کی ہمہ وقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بجلی کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے بجلی کے تباہ شدہ پولز کی تعمیر کا کام فوری طور پر مکمل کرنے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے بجلی کی تنصیبات کی ریپیرنگ کے تمام کام بلا تاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے محکمہ شاہرات کو کام کے معیار اور شفافیت مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو واضح اور عملی تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت تمام متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنا ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کل چنار ہاؤس میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرینگے

اجلاس میں محکمہ صحت عامہ اور محکمہ برقیات میں سٹاف کی کمی کے مسئلے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ہدایت کی کہ دونوں محکموں میں سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور محکمہ صحت کے جملہ مسائل حل کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایت پر بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کی بحالی کے لیے حتمی تاریخ مقرر کرنے کے مقصد سے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی۔ اس کمیٹی میں سیاسی قیادت اور ضلعی انتظامیہ شامل ہوگی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئیسکو حکام کے ذریعے بجلی سپلائی کی بحالی کو یقینی بنایا جائے اور بجلی کے غیر ضروری ضیاع کو روکا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:غیر فطری طرز حکمرانی کی بدولت عوام نے احتجاج کا راستہ اپنایا،فیصل ممتاز راٹھور

جائزہ اجلاس میں سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب خان، وزیر تعمیرات ضیاء القمر، مشیر حکومت سردار احمد صغیر، سردار فہد یعقوب، سابق وزیر حکومت سردار عابد حسین عابد اور سابق مشیر حکومت سردار امجد یوسف نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تمام شرکاء نے حکومتی اقدامات اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

Scroll to Top