سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لیے خوشخبری، تفصیلی رپورٹ طلب

اسلام آباد: وفاقی ملازمتوں میں خواتین کے لیے مختص کوٹہ پر عملدرآمد کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک بھر کی وزارتوں، ڈویژنوں، منسلک محکموں، ذیلی دفاتر اور آئینی اداروں میں ملازمت کرنے والی خواتین کی تعداد مجموعی طور پر 31 ہزار سے زائد ہے، جو وفاقی ملازمتوں میں 5.83 فیصد کے تناسب کے برابر بنتی ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی 38 وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں میں کل ملازمین کی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار 158 ہے، جن میں مرد ملازمین 5 لاکھ 50 ہزار 126 اور خواتین ملازمین 31 ہزار 455 ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 2026میں کونسی ڈگریاں رکھنے والوں کو زیادہ نوکریاں ملیں گی؟

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خواتین کے لیے مختص 10 فیصد کوٹہ کی موجودہ صورتحال اور اس پر عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ فراہم کریں، تاکہ حکومت وفاقی ملازمتوں میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لے سکے۔

یہ بھی پڑھیں:ایف آئی آرز واپس،حکومت کا شہداء کے ورثاء کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان

ذرائع کے مطابق یہ اقدام وفاقی ملازمتوں میں صنفی توازن اور خواتین کی نمائندگی کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، اور اس رپورٹ کے بعد حکومتی سطح پر مستقبل کے اقدامات کا تعین کیا جائے گا۔

Scroll to Top