حکومت آزاد کشمیرکابجلی ٹیرف سےمتعلق اہم نوٹیفکیشن، نئی شرحیں نافذ

مظفرآباد:حکومت آزاد جموں و کشمیر نے بجلی کے ٹیرف پر عائد شرائط ختم کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ توانائی و آبی وسائل، حکومت آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے سکولوں اور کالجوں کیلئے 05 کلوواٹ (KW) کی شرط ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ سکولوں، کالجوں اور کمرشل صارفین کیلئے بجلی کے نئے ٹیرف کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام سکولوں اور کالجوں کو جنرل سروسز کیٹیگری میں شامل کرتے ہوئے ان پر عائد 05 کلوواٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے تحت سکولوں اور کالجوں کیلئے بجلی کے نرخ مقرر کیے گئے ہیں، جن کے مطابق ایک یونٹ سے ایک ہزار یونٹ تک بجلی کا ٹیرف 15 روپے فی یونٹ ہوگا، جبکہ ایک ہزار ایک یونٹ سے زائد استعمال پر بجلی کا ٹیرف 25 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔

اسی نوٹیفکیشن کے مطابق کمرشل صارفین، جن کا لوڈ 5 کلوواٹ سے 160 کلوواٹ تک ہے، کیلئے بھی بجلی کے نئے نرخ لاگو کر دیے گئے ہیں۔ کمرشل صارفین کیلئے ایک یونٹ سے 1500 یونٹ تک بجلی کا ٹیرف 25 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 1501 یونٹ سے زائد استعمال پر بجلی کا ٹیرف 35 روپے فی یونٹ ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ نجی سکولوں اور کالجوں کو اپنے طلبہ کیلئے فیس میں 10 فیصد رعایت فراہم کرنا لازم ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ توانائی و آبی وسائل نے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے جاری سابقہ نوٹیفکیشن مورخہ 08 دسمبر 2024 فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاست میں میرٹ کی بالادستی میرا مشن ہے : بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد خان

محکمہ توانائی و آبی وسائل کی جانب سے جاری کردہ اس نوٹیفکیشن کی نقول صدر آزاد جموں و کشمیر، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، تمام وزراء، چیف سیکرٹری، متعلقہ وفاقی وزارتوں، بورڈ آف ریونیو، تمام سیکریٹریز، چیف انجینئر الیکٹرکٹی، ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن سیکشن آفیسر کی جانب سے 12 دسمبر 2025 کو جاری کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی قسط لینے والی خواتین کیلئے جدید سہولت متعارف

Scroll to Top