اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) نے مستحق خواتین کیلئے مالی امداد کے نظام میں ایک بڑی اور جدید تبدیلی متعارف کراتے ہوئے ڈیجیٹل والٹ سسٹم کا آغاز کر دیا ہے ۔
بی آئی ایس پی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد رقم ادائیگی کے عمل کو شفاف ، آسان اور مستحق خواتین کے لیے مالی خودمختاری کو یقینی بنانا ہے ۔
اس نظام کے ذریعے کیمپ سائٹس پر لمبی قطاروں، بار بار حاضری اور ایجنٹوں کی غیر قانونی کٹوتیوں جیسے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا ۔
حکام نے بتایا کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ہر مستحق خاتون کو اپنی مکمل رقم پر براہِ راست اختیار حاصل ہوگا اور ادائیگی میں کسی بھی قسم کی کٹوتی یا تاخیر نہیں ہوگی ۔
اس نئے نظام کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے جدید مالی ڈھانچے سے ہم آہنگ کرنے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے تاکہ مستحقین کو ان کا حق بغیر کسی ثالث کے فراہم کیا جا سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیاں مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوں گی
بی آئی ایس پی کے مطابق، ڈیجیٹل والٹ کی رجسٹریشن کا طریقہ نہایت آسان ہے اور اس کے لیے اسمارٹ فون یا انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں ۔
مستحق افراد اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل نمبر سے *2262# ڈائل کر کے چند سادہ مراحل میں اپنا اکاؤنٹ فعال کر سکتے ہیں ۔
نادرا کے ریکارڈ کے ذریعے شناخت کی تصدیق کے بعد صارف اپنے اکاؤنٹ کیلئے چار ہندسوں کا خفیہ پن کوڈ سیٹ کرتا ہے، اور رجسٹریشن مکمل ہونے پر تصدیقی پیغام موصول ہوتا ہے ۔
حکام نے بتایا کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مستحق خواتین اپنی رقم قریبی ریٹیلرز، بینک شراکت داروں یا بعض صورتوں میں اے ٹی ایم کے ذریعے حاصل کر سکیں گی ۔
مزید یہ کہ ہر قسط کی منتقلی پر مستحقین کو ایس ایم ایس الرٹ بھی موصول ہوگا ۔
بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا پن کوڈ ہر صورت میں خفیہ رکھیں اور کسی بھی فرد یا ایجنٹ کو فراہم نہ کریں ۔




