سمعیہ ساجد

کشمیر بنے گا پاکستان کنونشن نظریاتی استحکام کا عزم،سمعیہ ساجدراجہ

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) مرکزی چیئرپرسن کشمیر مسلم کانفرنس خواتین ونگ اور چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) محترمہ سمعیہ ساجد نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈڈیال میں ہونے والا کشمیر بنے گا پاکستان ورکرز کنونشن مسلم کانفرنس کی عوامی مقبولیت اور نظریاتی استحکام کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ضلع میرپور کے صدر چوہدری شوکت، تحصیل ڈڈیال کے صدر چوہدری اورنگزیب لکھیا ایڈووکیٹ شاہد عزیز، چوہدری اشفاق و تمام عہدیداران اور کارکنان اس کامیاب ترین کنونشن پر خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں، انھوں نے مسلم کانفرنس کے دیرینہ نظریات کو جس جوش و جذبے کے ساتھ پیش کیاوہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آج بھی دلوں میں مسلم کانفرنس کے پرچم کی حرارت اور نظریہ الحاقِ پاکستان کی شمع روشن ہے۔

سمعیہ ساجد نے کہا کہ مسلم کانفرنس کا سفر ہمیشہ سے جدوجہد، اصول پسندی اور نظریاتی وابستگی کا آئینہ دار رہا ہے۔ 1947 میں پیش کی جانے والی وہ تاریخی قرارداد، جس نے کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کی بنیاد رکھی، آج بھی مسلم کانفرنس کی سیاسی سمت اور جدوجہد کا محور ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم کانفرنس صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے، ایک تحریک ہے، جو کشمیری عوام کے ایمان، جذبے، تاریخ اور مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجاہدِ اوّل سردار عبدالقیوم خانؒ نے 70 کی دہائی میں کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دے کر نہ صرف کشمیریوں کے دلوں میں ایک نئی روح پھونکی بلکہ دنیا بھر میں کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو ایک واضح سمت دی۔

اسی نعرے نے نوجوانوں میں حوصلہ پیدا کیا، خواتین میں شعور بیدار کیا اور تحریکِ آزادی کو ایک نئی توانائی فراہم کی۔ محترمہ سمعیہ ساجد نے کہا کہ آج بھی مسلم کانفرنس اسی نعرے، اسی نظریے اور اسی فکر کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے، اور یہ جماعت ہمیشہ اس اصولی مؤقف پر قائم رہے گی کہ کشمیر کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈڈیال ورکرز کنونشن کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام آج بھی مسلم کانفرنس کے ساتھ ہیں، کیونکہ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ کشمیری عوام کی آواز بن کر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی کشمیریوں کے حقوق پامال ہوئے، مسلم کانفرنس نے سب سے پہلے آواز اٹھائی؛ جہاں عوامی ایشوز سامنے آئے،

مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا دورہ

مسلم کانفرنس نے اپنی ذمہ داری نبھائی؛ جہاں کشمیر کاز کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی، مسلم کانفرنس نے اس کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی مسلم کانفرنس کشمیریوں کے دلوں میں گھر رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈڈیال کنونشن میں خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی علامت ہے کہ کشمیری خواتین بھی مسلم کانفرنس کے نظریے کی حامل ہیں اور اپنی سیاسی بصیرت کے مطابق درست راستے کا انتخاب کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ایک ایسی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں، جس کا تعلق تاریخ سے ہے اور جس کا مستقبل کشمیر کے مستقبل سے وابستہ ہے۔

یہ جماعت نہ اقتدار کی بھوک میں فیصلے کرتی ہے اور نہ وقتی مفاد کی خاطر موقف تبدیل کرتی ہے۔ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ اصولی سیاست کی بنیاد پر اپنا مقام بنایا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج بھی اس جماعت پر عوام کا اعتماد قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد محض سیاسی سرگرمیاں نہیں بلکہ کشمیری عوام کے مستقبل کا تحفظ ہے۔ پاکستان کے ساتھ الحاق صرف ایک سیاسی مطالبہ نہیں بلکہ ہمارا ایمان، یقین اور نسلوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ مسلم کانفرنس اس نظریے پر کل بھی کھڑی تھی، آج بھی کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قومی استحکام کونقصان پہنچانے والی قوتوں سے نمٹنےکیلئے تیار ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

انہوں نے کہا کہ ہم آنے والی نسلوں کو بھی یہی پیغام دیں گے کہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان سے رشتہ ہماری پہچان ہے، اور اس پہچان کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیں گے۔

محترمہ سمعیہ ساجد نے مزید کہا کہ ڈڈیال سمیت پورے آزاد کشمیر میں عوام مسلم کانفرنس کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں اور یہ اعتماد ہمارے کیلئے عزت بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کی صفوں میں جو اتحاد، نظم و ضبط اور نظریاتی یکجہتی موجود ہے، وہی ہماری جماعت کی اصل طاقت ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل روڈ شو: قومی کرکٹرز اورحکام نیویارک پہنچ گئے

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم کانفرنس مستقبل میں بھی پوری قوت کے ساتھ کشمیری عوام کے حقوق، ان کی شناخت، ان کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ ان کے تاریخی و روحانی رشتے کی حفاظت کیلئے میدان میں رہے گی۔

’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ صرف ایک نعرہ نہیں، ہمارا عہد ہے، ہماری امید ہے اور ہماری منزل ہے، جس کے لیے ہماری جماعت روزِ اول سے بے مثال جدوجہد کرتی آ رہی ہے۔۔

محترمہ سمعیہ ساجد نے کہا کہ ڈڈیال کنونشن نے ثابت کیا ہے کہ مسلم کانفرنس آج بھی متحرک، مضبوط، نظریاتی اور عوامی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس جذبے کے ساتھ مسلم کانفرنس ضلع میرپور کے صدر چوہدری شوکت، تحصیل ڈڈیال کے صدر چوہدری اورنگزیب لکھیا ایڈووکیٹ، شاہد عزیز، چوہدری اشفاق ودیگر عہدیداران نے یہ کنونشن منعقد کیا، وہ نہ صرف قابلِ تعریف ہے بلکہ آئندہ سیاسی جدوجہد کے لیے ایک نئی مثال بھی قائم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہی مقصد کے لیے کھڑے ہیں: کشمیر کی آزادی اور پاکستان سے الحاق۔ مسلم کانفرنس اپنے اس اصولی موقف سے نہ کبھی پیچھے ہٹی ہے اور نہ کبھی ہٹے گی، اور یہی ہمارا سیاسی تشخص اور تاریخی ذمہ داری ہے۔

Scroll to Top