جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)نائب صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر سید ذیشان حیدر کاظمی نے اپنے بیان میں موجودہ سیاسی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں قائم پیپلز پارٹی کی حکومت دراصل لوٹوں کے ایک ایسے ٹولے پر مشتمل ہے جس کا ’’سیاسی نکاح‘‘ شہباز شریف اور آصف علی زرداری نے کروایا تھا
اور اب اس غیر فطری اتحاد کے ’’سیاسی بچے‘‘ پیدا ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ منافقت کے اعلیٰ ترین درجے پر پہنچ چکی ہے اور اس کا ہر فیصلہ عوامی مفاد کی بجائے ذاتی مفاد اور طاقت کے کھیل پر مبنی ہے۔
سید ذیشان حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اپوزیشن لیڈر کا انتخاب بھی جمہوری روایات اور پارلیمانی اصولوں کے منافی طریقے سے کیا گیا ہے،
جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ جماعتیں جمہوریت کے نام پر لوٹ مار اور سازباز کا کھیل کھیل رہی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر وردا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آگئے
انہوں نے مزید کہا کہ اب ’’سلطان سکندر راجہ‘‘ طرز کا چیف الیکشن کمشنر تعینات کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے صاف ظاہر ہے کہ آئندہ الیکشن میں بھی دھاندلی کا ماحول تیار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام باشعور، بیدار اور سیاسی شعور رکھنے والے لوگ ہیں،
اگر یہاں بھی جعلسازی، دھاندلی یا کسی غیر جمہوری عمل کے ذریعے حکومت بنانے کی کوشش کی گئی تو عوام بھرپور ردعمل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی دراصل ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ ان کے مفادات اکھٹے ہیں، مراعات مشترکہ ہیں،
یہی وجہ ہے کہ یہ دونوں جماعتیں عوام کے سامنے نورا کشتی کرتی ہیں جبکہ پس پردہ ایک دوسرے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی رکھتی ہیں۔ ’’ان کا فارمولا ہمیشہ سے یہی رہا ہے: ’’اندرو اندری کھائی جاؤ اتوں رولا وی پائی جاؤ ۔‘‘
آخر میں سید ذیشان حیدر نے کہا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر اس غیر آئینی و غیر جمہوری رویے کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرے گی،
عوام کے حقِ حکمرانی، شفاف انتخابات اور جمہوری روایات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔




