اسلام آباد: (کشمیر ڈیجیٹل) ٹریفک پولیس نے 8 اور 9 دسمبر کو شہر میں متوقع بڑھتی ہوئی ٹریفک کے پیش نظر شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ ٹریفک کے امور کی ذمہ دار محکمے نے واضح کیا ہے کہ 8 دسمبر کو صبح 11 سے 12 بجے اور 9 دسمبر کو رات 9 سے 10 بجے کے دوران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک معمول سے زیادہ رہے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق متاثرہ شاہراہوں میں فیصل ایونیو، ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے شامل ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریڈ زون کے ایکسپریس چوک اور میریٹ گیٹ بند رہیں گے۔ تاہم شہری ریڈ زون میں داخلے کے لیے سرینا، نادرہ اور مارگلہ روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔
راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کے لیے راول روڈ، نائنتھ ایونیو، فقیر ایپی روڈ اور سری نگر ہائی وے بہترین متبادل راستے ہیں۔ اسی طرح، اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والے شہری زیرو پوائنٹ اور سری نگر ہائی وے سے نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں: عمان میں توانائی اور معدنیات کے شعبےمیں روزگار کے مواقع!
مری اور بارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالہ، پارک روڈ اور لہتراڑ روڈ کے ذریعے سفر کریں۔
ٹریفک پولیس کے اہلکار مختلف مقامات پر موجود رہیں گے تاکہ شہریوں کی رہنمائی کی جا سکے اور ٹریفک روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہری مزید معلومات کے لیے ITP ریڈیو 92.4 FM اور اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز بھی دیکھ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مدینہ منورہ میں گرج چمک کے ساتھ باران رحمت، گنبدِ خضریٰ پر ایمان افروز مناظر
ٹریفک پولیس کی یہ ایڈوائزری شہریوں کی سہولت اور حادثات سے بچاؤ کے لیے جاری کی گئی ہے اور شہریوں سے درخواست ہے کہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹریفک کا نظام بہتر انداز میں چل سکے۔




