آزاد کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے نو منتخب ممبران بورڈ آف گورنرز نے حلف اٹھا لیا

مظفر آباد (کشمیرڈیجیٹل) آزاد کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے نو منتخب ممبران بورڈ آف گورنرز نے حلف اٹھا لیا ۔حلف برداری کی پروقار تقریب جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد کے ملٹی پرپز ہال میں منعقد ہوئی۔آزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کے چیئرمین جسٹس سردار لیاقت حسین نے نو منتخب ممبران سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیر ایلمینٹری وسکینڈری ایجوکیشن دیوان علی چغتائی، سابق وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد، سیکرٹری اطلاعات سردار عدنان خورشید، ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس، ڈائریکٹر اطلاعات مرزا محمد بشیر سمیت راولپنڈی، اسلام آباد اور آزادکشمیر بھر سے سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔
پریس فاؤنڈیشن کے جن ممبران نے حلف اٹھایا ان میں راولپنڈی/ اسلام آباد سے شہزاد راٹھور اور طاہر مسعود ،مظفرآباد سے سردار ذوالفقار علی، جہلم ویلی سے اسلم مرزا ، نیلم سے محمد حیات اعوان ، راولاکوٹ سے زاہد بشیر ، باغ سے راجہ محمد اشرف ،پلندری سے سردار اعجاز خلیق ،حویلی سے بلیغ الرحمان راٹھور ،میرپور سے خالد محمود بھمبر سے افتخار احمد ،کوٹلی سے شوکت علی کھوکھر شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین پریس فاؤنڈیشن جسٹس سردار لیاقت حسین نے کہا کہ آزادکشمیر میں پریس فاؤنڈیشن ایک بہترین ادارہ ہے۔باقی صوبوں میں بھی پریس فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کی مثال دی جاتی ہے۔ یہ ادارہ صحافیوں کی فلاح بہبود کے لیے بہترین انداز میں کام کر رہا ہے۔
ہم نے فوت ہو جانے والوں کی تجہیز و تکفین کےلیے دی جانے والی رقم 25 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ کر دی ہے۔

اس کے علاوہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافت کا پیشہ معاشرے کی اصلاح کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ پریس فاؤنڈیشن کے تمام منتخب ممبران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کرتا ہوں کہ نو منتخب ممبران ادارے کو مضبوط بنانے اور صحافتی کمیونٹی کی فلاح وبہبود کے لیے کام کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے سابق ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و سیکرٹری پریس فاؤنڈیشن کی ادارے کے لیے خدمات کو بھی سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اطلاعات و سیکرٹری پریس فاؤنڈیشن راجہ امجد حسین منہاس نے پریس فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا اس وقت حکومت پریس فاؤنڈیشن کو 50  لاکھ روپے سالانہ گرانٹ دے رہی ہے جبکہ اب تک صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلیے ڈھائی کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پریس فاؤنڈیشن صحافیوں اور ان کے بچوں کی تعلیم پر سالانہ ایک سمسٹر 60 ہزار روپے ادا کرتی ہے ،بیماری پر ادائیگی کیلیے محکمہ صحت کی کیٹیگری کے مطابق ادائیگی کی جاتی ہے ۔

معذوری پر تین ماہ کیلیے دس ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے مالی مدد فراہم کی جاتی ہے ،صحافیوں اور ان کے بچوں کی شادی پر 50 ہزار روپے ۔قانونی ورثاء میں کسی کی وفات پر 20 ہزار روپے جبکہ ممبر پریس فاؤنڈیشن کی وفات پر کفن دفن کے اخراجات 30 ہزار روپے اور ورثاء کیلیے 4 لاکھ روپے ادا کئے جاتے ہیں ،گذشتہ دو سال کے دوران مختلف مدات میں 20 لاکھ روپے کی ادائیگی کی جا چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پریس فاونڈیشن ایک آئینی ادارہ ھے یہ ادراہ ہر قسم کی کرپشن سے پاک ھے، ورکنگ جرنلسٹ کی فلاح و بہبود کے اس ادارہ میں مزید بہتری لائی جارہی ھے۔ انہوں نے چیئرمین پریس فاؤنڈیشن جسٹس سردار لیاقت حسین، سابق چیئرمین پریس فاؤنڈیشن جسٹس صداقت حسین راجہ اور سابق ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کی پریس فاؤنڈیشن کے لیے خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

Scroll to Top