مدینہ منورہ: (کشمیر ڈیجیٹل) مدینہ منورہ اور اس کے گرد و نواح میں موسم نے اچانک کروٹ بدل لی۔ اتوار کی دوپہر کے وقت آسمان پر گہرے بادل چھا گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
شدید بارش کے باعث مدینہ منورہ میں موسم خاصا سرد ہوگیا اور شہریوں نے سردی کی شدت میں واضح اضافہ محسوس کیا۔ بارش کے دوران مسجد نبویﷺ کا روح پرور منظر خاص طور پر قابل دید رہا۔
زائرین کے مطابق جیسے ہی کالی گھٹاؤں سے بھرے آسمان نے برسنا شروع کیا، تو گنبدِ خضریٰ پر بارش کی پھوار، ہوا کی خوشگوار سرسراہٹ اور بادلوں کی گرج نے ایک ایمان افروز ماحول پیدا کر دیا۔ مسجد کے صحن میں موجود زائرین نے بارش کو ’ابرِ رحمت‘ قرار دیتے ہوئے ہاتھ اٹھا کر دعائیں کیں اور اللہ پاک کا شکر ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں بارش کی کمی، شاہ سلمان کی نماز استسقا ادا کرنے کی اپیل
شہریوں اور زائرین کا کہنا تھا کہ ’’مدینہ کی بارش ہمیشہ دلوں کو سکون بخشتی ہے‘‘، جبکہ مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی نکالنے کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔ مجموعی طور پر سارا شہر بارش کے بعد تازگی اور روحانی فضا سے معمور دکھائی دیا۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر ،گلگت بلتستان میں بارش، برفباری کا امکان، محکمہ موسمیات
واضح رہے کہ سعودی عرب میں معمول سے بہت کم بارشیں ہوتی ہیں، تاہم اس سال جنوری میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی، جس کے بعد سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں تین دن تک مسلسل بارش ریکارڈ کی گئی۔ سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی کا کہنا تھا کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو چند دن تک جاری رہ سکتا ہے۔




