ایل او سی پاہل:پاک فوج کا فری میڈیکل کیمپ، سینکڑوں مریضوں کا معائنہ

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل )لائن آف کنٹرول کے قریب واقع یونین کونسل پاہل میں پاک فوج کی جانب سے عوامی فلاح کے لیے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں علاقے کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں مرد، خواتین، بزرگ اور بچے معائنہ کرانے کے لیے پہنچے۔ سرد موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود عوام کی بڑی تعداد کی آمد نے اس بات کا ثبوت دیا کہ علاقے میں صحت کی بنیادی سہولیات کی شدید ضرورت محسوس کی جاتی ہے۔

میڈیکل کیمپ میں تعینات پاک فوج کے ماہر ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا۔ کیمپ میں شوگر، بلڈ پریشر، آنکھوں، جلد اور موسمی امراض سمیت مختلف بیماریوں کے مفت ٹیسٹ کیے گئے، جبکہ مریضوں کو ان کے امراض کے مطابق فری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ علاقے کے لوگوں نے اس سہولت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دور دراز علاقے میں اس نوعیت کی سہولت ان کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی کی بروقت مدد مریض کو موت کے منہ سے کھینچ واپس لائی

ممبر ڈسٹرکٹ کونسل ملک اسحاق اعوان نے کیمپ کا دورہ کیا اور پاک فوج کی عوامی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نہ صرف سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی ہر لمحہ کوشاں رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایل او سی کے قریب رہنے والی آبادی کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرتی ہے اور پاک فوج کی جانب سے صحت کے شعبے میں اس طرح کی سہولیات فراہم کرنا قابل ستائش اقدام ہے۔

کیمپ میں موجود عوام نے بھی پاک فوج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “پاک فوج ہمیشہ ہمارے دکھ درد میں ہمارا ساتھ دیتی ہے، مشکل وقت میں ان کا تعاون ہمارے لیے حوصلے کا باعث ہے۔” علاقہ مکینوں نے کہا کہ اس طرح کے میڈیکل کیمپ نہ صرف فوری طبی سہولت دیتے ہیں بلکہ صحت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر صحت آزاد کشمیر بازل نقوی کی زیر صدارت اجلاس ، ہسپتالوں کی بہتری کیلئے اہم فیصلے

فری میڈیکل کیمپ کے کامیاب انعقاد پر عوام نے پاک فوج کا بھرپور شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے کیمپ مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ بنیادی صحت کے مسائل میں مزید کمی لائی جا سکے۔

Scroll to Top