اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہتے ہوئے باقاعدہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔
ان کی شمولیت کی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں حکومتِ آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے نمایاں رہنماؤں نے شرکت کی ۔
تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے طیب منظور کیانی کی پیپلز پارٹی میں آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت ، عوامی حقوق اور ترقی کی سیاست کا علمبردار رہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ طیب کیانی جیسے نوجوان اور متحرک سیاسی کارکنوں کی شمولیت پارٹی کی تنظیمی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرے گی ۔
شمولیتی تقریب میں سینئر رہنما پیپلز پارٹی چوہدری ریاض ، وزیرحکومت دیوان علی چغتائی اور چوہدری رشید بھی شریک تھے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی،کونسلرز کاعوامی مینڈیٹ کا دفاع، بلدیاتی نظام بچانے کا اعلان
رہنماؤں نے طیب منظور کیانی کے سیاسی تجربے اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ان کی آمد سے نہ صرف جہلم ویلی بلکہ پورے آزاد کشمیر میں پارٹی مزید فعال اور مضبوط ہوگی ۔
طیب منظور کیانی نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے عوامی ویژن اور قیادت کے اعتماد کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ عام آدمی کے حقوق اور برابری کے تصور کو مقدم رکھا ۔
طیب کیانی نے عزم ظاہر کیا کہ وہ جہلم ویلی کے عوام کی خدمت کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے اور پارٹی کے پلیٹ فارم سے علاقے کی ترقی کیلئے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے ۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے طیب منظور کیانی کو مبارکباد دی اور ان کی سیاسی جدوجہد کے نئے مرحلے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔




