فارورڈ کہوٹہ(کشمیر ڈیجیٹل ) ضلع حویلی فارورڈ کہوٹہ ہنڈی پیراں گاؤں میں ایک کلومیٹر طویل سڑک کی پختگی کا انتہائی اہم اور دیرینہ عوامی مطالبہ بالآخر اپنی تکمیل کو پہنچ گیا ۔
منصوبے کی کامیاب تکمیل پر عوام نے اطمینان ، خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کی ترقی کا سنگِ میل قرار دیا ہے ۔
اہلیانِ ہنڈی پیراں نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے عوامی ضروریات کو ترجیح دیتے ہوئے اس اہم منصوبے کی منظوری دی اور اس کی تکمیل تک خصوصی دلچسپی لی ۔
عوامی حلقوں کے مطابق اس سڑک کی پختگی سے علاقے میں آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ معاشی و سماجی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فارورڈ کہوٹہ میں دکانداروں کی ذخیرہ اندوزی کے باعث آٹا ناپید : غریب عوام پریشان
متعلقہ محکمہ نے منصوبے کی نگرانی ذمہ داری کے ساتھ خود کی اور اسے معیار کے مطابق مکمل کرایا ، جس پر عوام نے محکمہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسی جذبے کے ساتھ دیگر منصوبے بھی جاری رکھے جائیں گے ۔
ٹھیکیدار صدام کی انتھک محنت، لگن اور اعلیٰ پیشہ ورانہ ذمہ داری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے ۔ مشکل حالات اور دباؤ کے باوجود انہوں نے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا ۔
اس کے ساتھ ساتھ برادرم ظفر قیوم گیلانی نے بھی اپنے حصے سے بڑھ کر عملی کردار ادا کیا ۔ انہوں نے سائیڈ پر ٹھیکیدار کے ساتھ دن رات محنت کر کے منصوبے کی تیز اور معیاری تکمیل کو ممکن بنایا ۔
عوام نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات اور درازی عمر کی دعا کی ۔
ہنڈی پیراں کے عوام کے مطابق یہ منصوبہ علاقے کی ترقی کی جانب ایک مثبت قدم ہے ، جس سے آئندہ مزید کاموں کی راہ ہموار ہوگی ۔




