سدھنوتی (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں کشمیر سدھنوتی بلوچ سے تعلق رکھنے والےپاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کے خلاف لڑتےشہید ہونے والے پاک فوج کے صوبیدار سردار غلام رسول فوجی اعزاز کےساتھ آبائی علاقے دھمن پکھوناڑ میں سپرد خاک کر دئیے گئے ۔
نماز جنازہ میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، سابق وزیر حکومت آزاد جموں کشمیر سردار فاروق احمد طاہر، پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں کشمیر حلقہ بلوچ کے رہنماء میجر(ر) مشتاق سدوزئی سیاسی،سماجی و صحافتی شخصیات نے شرکت کی ۔
نماز جنازہ سے قبل تعزیتی ریفرنس میں شہید صوبیدار غلام رسول کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاک فوج کی دفاع وطن کے لیے قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی سدھنوتی کے بیٹوں نے اپنے لہو سے اس مٹی کو سینچا۔قربانیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:71کی جنگ کے ہیرو میجرشبیر شریف شہید (نشان حیدر) کا یوم شہادت، فیلڈ مارشل کاشاندار خراج عقیدت
نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسد خاکی کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ اس کے بعد سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں شہید صوبیدار سردار غلام رسول کو آہوں و سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
علاقے کے لوگ اور فوجی جوان اپنے شہید کے لیے آنسو بہاتے ہوئے حاضر تھے ۔ غلام رسول کی شہادت نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے ضلع سدھنوتی اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو غمزدہ کر دیا ہے ۔
علاقائی رہنماؤں اور فوجی افسران نے ان کے بلند حوصلے ، قربانی اور وطن کے دفاع کے لیے دی گئی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنے اورآنے والی نسلوں کے لیے مثال بنانے کا عزم کیا ۔
شہید کی قربانی سے ایک بار پھر یہ ثابت ہوا کہ پاک فوج کے سپاہی وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں پیش کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں ۔




