وزیر اعظم آزاد کشمیر پارٹی رہنماوں کے ہمراہ بلاول ہاؤس کے لیے روانہ

(کشمیر ڈیجیٹل) وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پارٹی رہنماوں کے ہمراہ بلاول ہاؤس کے لیے اڑان بھر لی۔

چوہدری ریاض کی قیادت میں وزیراعظم فیصل راٹھور ہمراہ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس، سنئیر وزیر میاں عبدالوحید اور دیگر اہم رہنما لاڑکانہ کے اہم ترین دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، جہاں پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت سے اہم ملاقات کی جائے گی۔

گزشتہ روز وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے عباسپور میں بوائز پوسٹ گریجویٹ کالج گراؤنڈ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام کا اعتماد بحال ہونا بڑی کامیابی ہے اور خدمت کی کرسی پر بیٹھتے ہی عوامی نوعیت کے معاملات حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عباسپور سے ان کا خاص رشتہ ہے اور ان کے والد نے اسی علاقے سے الیکشن جیت کر عوامی خدمت کی بنیاد رکھی تھی۔ اس دوران وزیراعظم نے عباسپور کو ٹاؤن کمیٹی سے میونسپل کمیٹی کے درجہ دینے، 1965 اور 1971 کے مہاجرین کو مالکانہ حقوق دینے اور عباسپور کی تینوں یونین کونسل میں بی ایچ یو قائم کرنے کے اعلان کیے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ منڈھول میں ٹاؤن کمیٹی قائم کی جائے گی جبکہ سہڑ چوکی میں ضرورت کے مطابق پولیس تھانہ قائم کیا جائے گا اور عباسپور تحصیل ہسپتال کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے پریس کلب عباسپور کے لیے پانچ لاکھ روپے گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ صحت کارڈ جیسے بنیادی مسائل دوسری کابینہ میٹنگ میں حل کیے جا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں بینک آف اے جے کے کو شیڈول بینک بنانے کی منظوری دی گئی اور بجلی سمیت دیگر مسائل کو ون گو میں حل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے ایل او سی کے عوام کے لیے فرسٹ ایڈ پوسٹیں بنانے، مٹی پوسٹ سڑک کی تعمیر اور کھلی درمن و دوسہ موڑ آٹا ڈپو قائم کرنے کے اعلانات بھی کیے۔ عباسپور روڈ کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے گا اور تمام تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ جلسے کے دوران وزیراعظم نے عوام کے ساتھ “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” کے فلک شگاف نعرے بھی لگوائے اور کہا کہ یہ آٹھ ماہ کی حکومت آئندہ پانچ سالہ حکومت کا ٹریلر ہے، جس میں عوام کے حقوق کی بالادستی اولین ترجیح ہے۔

Scroll to Top