ڈپٹی کمشنر ضلع کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق نے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی حکومتی پالیسی کے تحت سہنسہ کے علاقے پوٹھہ ناون مسجد میں منعقدہ کھلی کچہری میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ضلعی افسران کے ہمراہ شہریوں کے مسائل براہ راست سنے اور فوری احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری میں مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ چیئرمین ضلع کونسل عبدالغفور جاوید نے بھی مختلف مسائل تفصیل سے پیش کیے۔
اجلاس کے دوران عوام نے بجلی کے کم وولٹیج، زائد بلنگ، پوٹھہ ناون روڈ کی خراب حالت، آٹے کے کم کوٹے اور تقسیم میں سیاسی مداخلت، بی ایچ یو میں ادویات اور عملے کی کمی، تریڈی تار کی تنصیب اور ناون میں بچیوں کے لیے ہائی اسکول کی عدم دستیابی جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ لکڑی کے بجلی کے کھمبوں کی وجہ سے ماحول کو پہنچنے والے نقصان اور سالگراں پل پر پولیس چوکی قائم کرکے منشیات کی اسمگلنگ روکنے کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔
یہ بھی پڑھیں: 71کی جنگ کے ہیرو میجرشبیر شریف شہید (نشان حیدر) کا یوم شہادت، فیلڈ مارشل کاشاندار خراج عقیدت
ڈپٹی کمشنر نے ہر مسئلے پر متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کرتے ہوئے زائد بلنگ کی شکایت کرنے والے شہری کو نیا میٹر فراہم کرنے کا حکم دیا۔ ایکسئین شاہرات اشتیاق مغل نے پوٹھہ ناون روڈ کے دو کلومیٹر حصے کی جون سے پہلے تعمیر نو کا اعلان کیا، جبکہ باقی تین کلومیٹر کو اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے جانے کی یقین دہانی کرائی۔ آٹے کی تقسیم کے بہتر نظام کے لیے ڈی ایف سی سے آٹا حاصل کرنے والوں کی فہرست طلب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ہر شہری کو آٹا ملے گا۔
بچیوں کے ہائی اسکول کے قیام کے لیے چیئرمین ضلع کونسل، ڈی ای او، اسسٹنٹ کمشنر اور ایک مقامی رکن پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا، جو سفارشات مرتب کرے گی۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل عبدالغفور جاوید نے انتظامیہ کی پہلی مرتبہ دور دراز علاقے میں آمد کو اہم قرار دیتے ہوئے لکڑی کے کھمبوں کے ماحول پر اثرات کی نشاندہی کی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل راٹھورکا عباسپور کا طوفانی دورہ،بڑے عوامی منصوبوں کا اعلان
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دور دراز علاقوں کی مساوی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور نوجوانوں کو ترقیاتی و معاشرتی عمل کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے ٹیکس اور بجلی کے بل بروقت ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کے بغیر حکومت مسائل حل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آج پیش کیے گئے تمام مسائل پر فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ کھلی کچہری میں مختلف محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔




