امریکی صدر کی گاڑی ’دی بیسٹ‘ کی خصوصیات سامنے آگئیں

ناقابلِ تسخیر کار ’دی بیسٹ‘ امریکی صدور کے لیے ایک ایسی تاریخی اور انتہائی محفوظ سواری سمجھی جاتی ہے جس کا شمار دنیا کی محفوظ ترین گاڑیوں میں ہوتا ہے۔ یہ خصوصی کار اپنی حیرت انگیز خصوصیات، اضافی سیکیورٹی اقدامات اور منفرد ساخت کے باعث ایک ایسی مثال بنی ہے جس تک عام گاڑیوں کی رسائی ممکن نہیں۔ “دی بیسٹ” نہ صرف شاہانہ انداز اور مضبوط ساخت کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ امریکی صدر کے تحفظ کے لیے اسے خاص طور پر تیار کیا گیا ہے۔

جنرل موٹرز کی جانب سے تیار کردہ یہ بکتر بند کیڈلاک ایک ایسی کار ہے جس میں ہوائی جہاز کا طاقتور انجن نصب کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ صرف ایک گاڑی نہیں بلکہ ایک ناقابلِ تسخیر قلعہ محسوس ہوتی ہے۔ سال 2018 سے استعمال ہونے والی یہ لیموزین باہر سے کیڈلاک جیسی دکھائی دیتی ہے لیکن حقیقت میں اس کا ڈھانچہ اور اندرونی حصے عام کاروں سے بالکل مختلف ہیں۔ سیکرٹ سروس کی خصوصی ہدایات کے تحت اسے امریکی صدر کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تیار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: رفح کراسنگ یکطرفہ کھولنے کے اسرائیلی فیصلہ پر پاکستان سمیت 8اسلامی ممالک کا ردعمل آگیا

اس کا وزن 15 سے 20 ہزار پاؤنڈ تک بتایا جاتا ہے، جبکہ اس کے دروازے نہایت بھاری اور موٹے ہیں۔ گاڑی کی کھڑکیاں 5 انچ موٹے بلٹ پروف شیشوں سے بنی ہوتی ہیں جنہیں توڑنا انتہائی مشکل ہے۔ اس کے ٹائر گولی لگنے کی صورت میں بھی چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ گاڑی کا اندرونی ماحول کیمیائی اور حیاتیاتی حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے خاص طور پر سیلڈ ڈیزائن پر مشتمل ہے، جبکہ اس میں صدر کے خون کے گروپ کا ایمرجنسی اسٹاک بھی رکھا جاتا ہے۔

اس گاڑی میں جدید ترین نظام موجود ہیں جن کی مدد سے امریکی صدر دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں، محفوظ طریقے سے بات چیت کرسکتے ہیں۔ اندرونی ڈیزائن ایک چھوٹے کنٹرول روم جیسا ہے جس میں تمام ضروری حفاظتی انتظامات یکجا کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:دبئی ہوٹل میں رہائش پذیر فیملی کا 2 سال بعد بل ادا کرنے سے انکار

1963 میں صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ امریکی صدر کھلی گاڑی میں سفر نہیں کریں گے، اسی فیصلے کے بعد ہر نئے ماڈل میں مزید حفاظتی سہولیات شامل کی جاتی رہیں اور آج یہ لیموزین دنیا کی انتہائی محفوظ گاڑی کے طور پر جانی جاتی ہے۔ اس کے مضبوط سسپینشن اس قدر طاقتور ہیں کہ کسی بم دھماکے کی صورت میں بھی گاڑی وزن برقرار رکھتے ہوئے کھڑی رہنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

Scroll to Top