مظفرآباد(سخاوت سدوزئی ،کشمیر ڈیجیٹل )وفاقی وزیر برائے امورِ آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے وفاقی و آزاد جموں کشمیرحکومت اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی کی ایکشن کمیٹی کے مابین معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، آزاد جموں کشمیر حکومت کے وزراء دیوان علی خان چغتائی، چوہدری قاسم مجید، سیکرٹری امور آزاد جموں کشمیر ظفر حسن، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن شوکت نواز میر و دیگر نے شرکت کی ۔
اجلاس کے دوران وفاقی حکومت, آزاد جموں کشمیر کی حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے شدہ معاہدے کے نکات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امیر مقام سے ثاقب مجید کی ملاقات ، کھاوڑہ کی سیاست میں ہلچل، میراکبر کی آج ن لیگ میں شمولیت
وفاقی وزیر برائے امورِ جموں کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران کے تحفظات سنے اور باقی ماندہ نکات پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں کشمیر کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی حکومت نے آزاد جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کیلئے وافر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے ہیں، عوام کی فلاح و بہبود اور خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے معاہدے پر شق وار پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جن نکات کا تعلق حکومتِ آزاد جموں کشمیر سے ہے اُن میں سے بیش تر نکات پر عملدرآمد مکمل ہوچکا ہے جبکہ آئینی ترمیم سے متعلق امور پر بھی کام جاری ہے ۔




