اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پاکستان کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چوبیس سے 48 گھنٹوں کے دوران موسم کے حوالے سے تازہ پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
محکمہ کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بالائی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ہے۔ خاص طور پر بلتستان، گلگت، قراقرم اور ہندوکش کے پہاڑی سلسلوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور درمیانی درجے کی دھند چھائے رہنے کی توقع ظاہر کی ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ شہریوں خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کو حد نگاہ میں کمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، پشاور اور مردان کے علاقوں میں صبح کے وقت حد نگاہ کم رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر ،گلگت بلتستان میں بارش، برفباری کا امکان، محکمہ موسمیات
اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے میدانی اضلاع میں بھی صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمے کے مطابق ہلکی دھند کے باعث تعلیمی اداروں اور دفتری آمدورفت پر معمولی اثر پڑ سکتا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی۔ چند میدانی اضلاع میں دھند نے معمولاتِ زندگی متاثر کیے، خصوصاً وسطی اور جنوبی پنجاب میں حدِ نگاہ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لہہ، زیارت اور قلات میں منفی 07، اور کوئٹہ اور گلگت میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند، موٹرویز متعدد مقامات سے بند
محکمہ نے بتایا ہے کہ 5 دسمبر سے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ 6 دسمبر کو ان علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ 7 دسمبر کو گلگت بلتستان میں نئے نظام کے تحت مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمے نے مسافروں، سیاحوں اور مقامی رہائشیوں کو ہدایت کی کہ وہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر پہاڑی علاقوں میں سفر سے قبل احتیاط برتیں اور تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں، کیونکہ برفباری کے باعث بعض سڑکیں بند یا پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں۔




