بی ڈی اے ملازمین کا احتجاج 26ویں روز میں داخل، تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید احتجاج

باغ :باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) کے ملازمین کی ہڑتال 26ویں روز میں داخل ہو چکی ہےجبکہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) کے ملازمین کی ہڑتال 26ویں روز میں داخل ہو چکی ہے اوراحتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں تاہم حکومت اور متعلقہ حکام کی جانب سے اب تک کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔

ملازمین کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر ان کی تنخواہیں ادا کرے تاکہ وہ اپنی روزمرہ ضروریات پوری کر سکیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ گرانٹ ان ایڈ اور تنخواہوں میں موجود تفاوت کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں  تاکہ تمام ملازمین کو یکساں مالی سہولیات حاصل ہو سکیں۔ مزید برآں ریٹائرڈ ملازمین کے لیے کمیوٹیشن اور ماہانہ پنشن کی بروقت اور باقاعدہ ادائیگی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا جا رہا ہے کیونکہ انہیں مالی مشکلات کے ساتھ ساتھ دفتری مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار متعلقہ حکام کو اپنے مسائل سے آگاہ کر چکے ہیں مگر ہر بار صرف تسلیاں دی جاتی ہیں اور عملی اقدامات نہیں کیے جاتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان کے مطالبات جلد تسلیم نہ کیے گئے تو وہ احتجاج مزید سخت کر سکتے ہیں جس کے نتیجے میں سرکاری امور مزید تعطل کا شکار ہو سکتے ہیں۔

بی ڈی اے کے ملازمین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کے احکامات جاری کرے۔

Scroll to Top