وادی نیلم کے علاقے کیل سری میں ایک نجی گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرا ہوا نو بیاہتا جوڑا کمرے میں گیس بھر جانے سے دم گھٹنے کے باعث موت کی نیند سو گیا۔
ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نیلم کے انچارج محمد اختر ایوب کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کیل سری کے شنگریلا گیسٹ ہاؤس میں مقیم تھے، رات کو شدید سردی کے باعث کمرے کو گرم رکھنے کی غرض سے وہ گیس ہیٹر چلا کر سوگئے اور پھر رات کو بند کمرے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہو گئی۔ جب جوڑا صبح کمرے سے باہر نہیں نکلا تو گیسٹ ہاؤس انتظامیہ نے دروازہ کھولا جہاں وہ دونوں مردہ پائے گئے۔ مرنے والوں کی شناخت سید محمد طلحہ علی اور دعا زہرا زیدی کے نام سے ہوئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار، پاک فوج کی میڈیکل ٹیم اور پولیس موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو 1122 نے لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اٹھمقام منتقل کر دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر شاردا قدیر مغل نے بتایا ہےکہ پوسٹ مارٹم ڈی ایچ کیو اٹھمقام میں کیا جائے گا۔