ناقص آٹے کی شکایات،محکمہ خوراک نے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا

مظفرآبادڈپٹی ڈائریکٹر خوراک مظفرآباد/پونچھ ڈویژن سردار محمد ثاقب کی زیر صدارت غذائی صورتحال، ڈمپنگ اور معیاری آٹے کی بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے ڈویژنل سطح پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولران کا جائزہ اجلاس ہواجس میں ملوں کے معائنے اور آٹے کے معیار بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں ڈویژن مظفرآباد اور پونچھ کے تمام اضلاع کی غذائی صورتحال، آٹے کی دستیابی، کوالٹی، پسائی کے معیار، ڈمپنگ پوائنٹس کی نگرانی اور فلور ملوں کی کارکردگی کا جامع جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: فارورڈ کہوٹہ میں دکانداروں کی ذخیرہ اندوزی کے باعث آٹا ناپید : غریب عوام پریشان

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولران نے اپنے اضلاع کی سٹاک پوزیشن، فلور ملوں کے معائنے، نمونہ جات کی رپورٹس اور عوامی نوعیت کے مسائل سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ معیار اور وزن کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ فیلڈ ٹیمیں موقع پر موجود رہتے ہوئے عوامی شکایات کو فوری طور پر یکسو کریں اور ہر شکایت کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سردار محمد ثاقب نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فلور ملوں کے اچانک معائنے مزید بڑھائے جائیں، پسائی کے معیار، صفائی ستھرائی، مشینری اور گندم کے استعمال کی مسلسل نگرانی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی،یونیورسٹی آف کوٹلی کے کینٹینز سے ناقص خوراک ضبط

انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری آٹا فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ڈمپنگ پوائنٹس، فلور ملوں اور مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی پر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ کی جائے، فیلڈ وزٹس میں تیزی لائی جائےور عوامی شکایات کے فوری حل کیلئے مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔

یاد رہے کہ رہاست بھر میں آٹا کے نرخ کم ضرور ہیں مگر کئی جگہوں پر ناقص آٹے کی شکایات عام ہیں ۔

Scroll to Top