اسلام آباد میں پاکستان اور مصر کے درمیان اہم سفارتی سرگرمیاں جاری رہیں جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد العاطی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے سیاسی، دفاعی اور معاشی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ ساتھ ہی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا اعادہ بھی کیا گیا۔
پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہا اور دورے کے مقصد پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کا بنیادی مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ پاکستان اور مصر نے سیاسی ڈائیلاگ، معاشی تعاون اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان مصر کے ساتھ 250 بزنس ہاؤسز کی فہرست شیئر کرے گا، جن میں معیشت کے تمام بڑے شعبے شامل ہوں گے۔ چھ ماہ بعد مزید 250 بزنس ہاؤسز بھی اس فہرست میں شامل کیے جائیں گے جبکہ دونوں ممالک کا مشترکہ بزنس فورم بھی تشکیل پائے گا جس کا پہلا اجلاس مصر میں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا ملک دشمن عناصر کے ساتھ کٹھ جوڑ کھل کر سامنے آ رہا ہے، عطا اللہ تارڑ
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران غزہ سمیت عالمی و علاقائی حالات پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ جموں و کشمیر اور افغانستان کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مصر نے پاکستانی طلباء کے لیے اسکالرشپ دوگنا کرنے کا اعلان کیا ہے، اور الاظہر یونیورسٹی میں مزید اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصر، پاکستان کے ساتھ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں مکمل تعاون کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی باہمی احترام اور مشترکہ مفاد پر مبنی ہے اور زراعت، ادویہ سازی، لائیوسٹاک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
Egyptian Foreign Minister Dr. Badr Abdelatty arrived at the Ministry of Foreign Affairs. He was recieved by Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50. He will hold important bilateral consultations. @MFAEgypt pic.twitter.com/rg6TmhWaVk
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 30, 2025
انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ جنگ بندی معاہدے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے اور مصر غزہ کی تعمیرِ نو میں پاکستان کے کردار کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں:مسئلہ کشمیر حل کئے بغیرپائیدار امن کاقیام ممکن نہیں،اسحاق ڈار
اس سے قبل مصری وزیر خارجہ وزارتِ خارجہ پہنچے جہاں اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ بعدازاں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں معیشت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ مصر کا دورہ مشترکہ اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور بھائی چارہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔




