کراچی : متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے پاکستانی عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ امارات کی جانب سے ویزوں کی بندش کی خبریں بے بنیاد اور غیر حقیقی ہیں ۔
شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ ویزا سینٹر، جو ایشیا کے سب سے بڑے ویزا سینٹرز میں شمار ہوتا ہے ، پاکستانی بہن بھائیوں کی سہولت کے لیے پوری طرح فعال ہے اور وہاں کا عملہ خدمات فراہم کرنے کے لیے ہر وقت موجود ہے ۔
بخیت عتیق الرومیتی نے واضح کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مستحکم بنیادوں پر قائم ہیں اور ان تعلقات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئی ۔
انہوں نے کہا کہ امارات میں ویزوں کی بندش کی افواہیں سازشی عناصر پھیلارہے ہیں، جو حقیقت پر مبنی نہیں ۔ پاکستانی شہری بلا کسی تعطل کے اماراتی ویزے حاصل کر سکتے ہیں اور ہر طرح کی قانونی ویزا سہولیات دستیاب ہیں ۔
قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ بعض ویزوں کے اجراء کے لیے پیشگی تاریخ لازمی ہے، تاہم یہ پابندی محدود نوعیت کی ویزوں پر لاگو ہوتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:برطانیہ کی خستہ حال پبلک سروسز کی بحالی کا بوجھ امیروں کو اٹھانا ہوگا ، ریچل ریوز
مثال کے طور پر، علاج و معالجے، تعلیمی سیمینارز اور دیگر مخصوص خدمات کے لیے ویزہ لینے والوں کو پہلے سے تاریخ طے کرنی پڑتی ہے ۔ اس کے باوجود امارات ہر طرح کے قانونی ویزا عمل میں تعاون فراہم کر رہا ہے اور پاکستانی شہری آسانی سے ویزہ حاصل کر سکتے ہیں ۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی عوام کو شکوک و شبہات میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ، کیونکہ اماراتی حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرنے میں سنجیدہ ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔
قونصل جنرل کی یہ بیان بازی افواہوں کا جواب اور عوام کے لیے اعتماد کی بحالی کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ ویزہ عمل مکمل طور پر فعال اور مستحکم ہے ۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر ویزوں کی بندش کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھیں، جس سے عوام میں تشویش پیدا ہوئی تھی ۔




