مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر کے وزیربلدیات راجہ فیصل ممتازراٹھور نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندگان ہمارا حصہ اور طاقت ہیں ، بلدیاتی ایکٹ 30 جنوری کو منظور ہونے کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے اب احتجاج کا کوئی جواز نہیں ۔
مظفرآباد میں وزراحکومت میاں عبدالوحید ، چوہدری محمد رشید اور سردارجاویدایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت جب بھی کوئی کام کرتی یا کرنے لگتی ہے تو احتجاج شروع کردیاجاتا ہے
بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانا اور فنڈز کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، کمیٹی سفارشات کی روشنی میں بلدیاتی ایکٹ منظور ہو چکا ہے اور اسمبلی اجلاس میں پیش کرنے کیلئے بھی بھیجا جا چکا ہے ۔
بلدیاتی نمائندوں کو گزشتہ برس مشکل مالی حالات کے باوجود حکومت نے 81 کروڑ روپے کے فنڈز دیے جبکہ رواں سال بھی بہت جلد 1 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں۔
فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ جب بلدیاتی انتخابات ہوئے تو ہم اپوزیشن میں تھے اسوقت بھی ہمارا موقف تھا کہ بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کرکے بلدیاتی الیکشن کروائے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے مشکل حالات کا سامنا کیا ، سستی ترین بجلی اور آٹے کی فراہمی کے باوجود ترقیاتی عمل رواں رہا۔ شاہرات کے حوالے سے بھی بڑا پیکج دینے جارہے ہیں ۔
فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ حکومت کی جانب سے کوئی بھی ایسی چیز باقی نہیں رہی کہ جس کیخلاف احتجاج کا جواز بنے ،جو بھی فنڈز دئیے جاتے ہیں انکا آڈٹ ہوتا ہے ۔
سردارجاوید ایوب نے کہاکہ ہم سب نے مل کر سسٹم کو بہترکرنا ہے ،میا ں عبدالوحید نے کہاکہ حکومت گرانٹ ان ایڈ کے طورپر بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز دے رہی ہے تاکہ انکو سپورٹ ملے ۔
چوہدری محمد رشید نے کہاکہ بلدیاتی نمائندے ہمارے گراس لیول کے نمائندے ہیں ، ایم ایل اے فنڈکو خرچ کرتے وقت بھی ان کے مشاورت شامل ہوتی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:بلدیاتی نمائندوں کا آج شہر اقتدار میں کنونشن، احتجاجی تحریک کا اعلان متوقع،ن لیگ نے حمایت کردی