لاہور:دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کے مقابلے جاری

لاہور میں دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کے مقابلے پورے جوش و جذبے سے جاری ہیں۔ 26 نومبر سے لاہور میں شروع ہونے والی اس چیمپئن شپ کے مقابلوں کا آج آخری روز ہے، جس میں شائقینِ کھیل خاص دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔

آج پاکستان، تھائی لینڈ، برطانیہ، مراکش، فرانس، میکسیکو اور امریکہ سمیت 12 ملکوں کے باکسرز مدِ مقابل ہوں گے جبکہ بڑے مقابلوں میں پاکستانی فالکن باکسر وسیم اور ان کے حریف کے درمیان ہونے والا مقابلہ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے مجموعی طور پر 15 ممالک کے 44 باکسرز 20 نومبر سے 23 نومبر کے دوران مختلف اوقات میں پاکستان پہنچے جن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ “فائٹ فار گلوری” کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ باکسنگ کنوینشن کا بھی انعقاد کیا گیا، جہاں بین الاقوامی باکسنگ سے متعلقہ امور زیرِ بحث آئے۔ مقابلوں میں کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

“فائٹ فار گلوری” چیمپئن شپ حکومتِ پنجاب، لاہور کور اور فوجی فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔ 26 نومبر کو ہونے والے مقابلوں میں جرمنی، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور پاکستان سے 4 باکسرز مدِ مقابل ہوئے۔ شاندار مقابلوں کے بعد پاکستان کے عاصم زمان اور جرمنی کی زینا نصر فاتح قرار پائے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرائی نیشن سیریز ،فائنل میں پاکستان اور سری لنکا آج مدمقابل

27 تاریخ کے مقابلوں میں برطانیہ، گھانا، ڈومینیکن ریپبلک، امریکہ، پاکستان اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے 14 باکسرز نے حصہ لیا۔ ان سنسنی خیز مقابلوں میں برطانیہ کے ٹام ڈئرنگ، ڈومینیکن ریپبلک کے یرمی پرالٹا، پاکستان کے محمد وقاص اور جہانگیر خان، امریکہ کے سٹیو جیفرارڈ، اور برطانوی باکسرز عماد نصیب اور رضا حمزہ نے کامیابی حاصل کی۔

28 تاریخ کے مقابلوں میں ساؤتھ کوریا، تھائی لینڈ، امریکہ، ڈومینیکن ریپبلک، ارجنٹینا، فلپائن، برطانیہ، نائیجیریا اور بنگلہ دیش کے 12 باکسرز آمنے سامنے آئے۔ ان مقابلوں میں برطانیہ کے کانر مسٹیاڈز، جیمز میڈ کاف اور ساحر اقبال، ارجنٹینا کے البرٹو پالمیٹا، امریکہ کے لارنس نیوٹن اور ساؤتھ کوریا کے یے کم سر فاتح رہے۔

یہ بھی پڑھیں:فٹبال کی تاریخ میں انوکھا واقعہ،پولیس کھلاڑیوں کی لڑائی روکنے پہنچ گئی

مقابلے دیکھنے کے لیے چیف سیکریٹری پنجاب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہو کر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ آج ہونے والے فائنل مقابلوں میں بھرپور دلچسپی لی جا رہی ہے جبکہ آخری روز وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوں گی۔

Scroll to Top