وزیراعظم آزاد کشمیرکانیلم ایل او سی چلہانہ کا دورہ، میڈیا سےگفتگو

نیلم ایل او سی چلہانہ کے دورے کے موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کئی اہم نکات واضح کیے۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مسلح افواج پاکستان ایل او سی پر وطن عزیز کے تحفظ کے لیے انگنت قربانیاں دے رہی ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو جدوجہد آزادی کے لیے قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزادکشمیر کا نیلم ویلی دورہ، پٹہکہ میں سٹریٹ لائٹس کا اعلان

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں جبکہ اس کے برعکس مقبوضہ کشمیر بھارتی فوجی چھاونی میں تبدیل ہو چکا ہے۔ وزیراعظم راٹھور کا کہنا تھا کہ بھارت کی سات لاکھ سے زائد فوج مقبوضہ کشمیر میں جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کھڑے ہوکر احساس ہوتا ہے کہ آزادی کی اصل قدر کیا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ پاکستانی فوج نے ہمیشہ بھارتی فوج کو جارحیت کرنے پر لوہے کے چنے چبوائے ہیں اور بھارت کو جارحیت کرنے پر پاک فوج سے ہمیشہ شکستِ فاش ہوئی ہے۔ انہوں نے دنیا کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جعلی آزادی کا دکھاوا کرنا بھارت کی چال ہے۔

پیپلز پارٹی کے مؤقف کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نعرہ ہے کہ کشمیری حقِ خودارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیریوں کی آواز کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتی رہے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم انشاء اللہ ہندوستان کی چالوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور بھارت کی غلط فہمی ہے کہ وہ لوگوں کے ذہنوں پر پہرہ لگا سکتا ہے۔ فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ میرا ایمان ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور تحریکِ آزادی کشمیر دراصل تحریکِ تکمیل پاکستان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملازمت کا جھانسا دے کر بیرون ملک بھجوانے والوں سے رعایت نہیں ہوگی: محسن نقوی

انہوں نے ریاستی عوام اور ایل او سی کے مکینوں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق میں ریاست کے عوام اور ایل او سی پر بسنے والے لوگ پاک فوج کی پشت پر کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر رہنے والے لوگ بھارت کی جارحیت سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور جب بھی وقت آیا فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ وزیراعظم نے آخر میں کہا کہ ایل او سی کے عوام کے مسائل کو حل کریں گے۔

Scroll to Top