سولاویسی انڈونیشیا میں 6.2 شدت کا زلزلہ، شہری خوفزدہ

انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں آج 6.2 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ساحلی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

انڈونیشین میٹرو لوجیکل اور جیو فزیکل ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز سولاویسی کے ساحلی حصے کے قریب تھا، جبکہ زلزلے کی گہرائی تقریباً 105 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے جھٹکوں کی شدت سطح زمین پر نسبتاً کم رہی، تاہم شہریوں میں شدید گھبراہٹ دیکھی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلادیش میں شدید زلزلہ،3 افراد جان کی بازی ہار گئے ،متعدد زخمی

کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا:

ریسکیو اور مقامی انتظامیہ کے مطابق فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ کئی علاقوں میں لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، جبکہ بعض مقامات پر معمول کی سرگرمیاں کچھ دیر کے لیے معطل رہیں۔

آفٹر شاکس کے خدشات، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت:

حفاظتی اداروں نے شہریوں سے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر ہوشیار رہیں اور عمارتوں کی کمزور دیواروں یا ڈھانچوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ حکام نے کہا کہ مانیٹرنگ سسٹم مسلسل صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انڈونیشیا کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے ، شدت 6.1 ریکارڈ

چند ہفتے قبل بھی زلزلہ آچکا ہے:

واضح رہے کہ چند ہفتے قبل بھی سولاویسی کے قریب 6.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے بعد علاقے میں زلزلہ خیزی بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔ انڈونیشیا پیسفک ’رِنگ آف فائر‘ میں واقع ہونے کے باعث دنیا کے سب سے زیادہ زلزلہ خیز ممالک میں شمار ہوتا ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں مکمل طور پر تیار ہیں۔

Scroll to Top