مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات میں واضح برتری حاصل کرلی ہے۔ قومی اسمبلی کی تمام 6 اور پنجاب اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستیں ن لیگ کے امیدواروں نے جیت لیں، جبکہ پیپلز پارٹی صرف ایک صوبائی نشست پر کامیاب رہی۔ تحریک انصاف کی تقریباً تمام سابقہ نشستوں پر ن لیگ کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔
قومی اسمبلی کے حلقوں کے نتائج:
این اے 18 ہری پور: سب سے بڑا اپ سیٹ ہری پور میں ہوا، جہاں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب 43 ہزار 776 ووٹوں سے شکست کھا گئیں۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان نے ایک لاکھ 63 ہزار 996 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ یہ نشست سابق قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی، جنہیں 9 مئی ہنگامہ آرائی کیس میں سزا سنائی گئی تھی۔
این اے 129 لاہور: لاہور کے حلقے میں مسلم لیگ ن کے حافظ میاں محمد نعمان سب سے آگے رہے، 63 ہزار 441 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 29 ہزار 99 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 185 ڈیرہ غازی خان 2: ن لیگ کے محمود قادر خان نے 82 ہزار 416 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹ لی، پیپلز پارٹی کے دوست محمد کھوسہ 49 ہزار 262 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 143 ساہیوال 3: محمد طفیل جٹ ایک لاکھ 36 ہزار 223 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، آزاد امیدوار ضرار اکبر چوہدری صرف 13 ہزار 220 ووٹ لے سکے۔
این اے 104 فیصل آباد 10: دانیال احمد 52 ہزار 791 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار رانا عدنان جاوید 19 ہزار 262 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 96 فیصل آباد: بلال بدر چوہدری نے 93 ہزار 9 ووٹ حاصل کیے اور کامیابی حاصل کی، وہ وزیر مملکت طلال چوہدری کے بھائی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات میں عوام کی دلچسپی کم کیوں؟ چیف الیکشن کمشنر نے بتا دیا
صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے نتائج:
پی پی 87 میانوالی: علی حیدر نور خان نے 67 ہزار 986 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، آزاد امیدوار محمد ایاز خان 3 ہزار 310 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 98 فیصل آباد 1: ن لیگ کے آزاد علی تبسم 44 ہزار 388 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ محمد اجمل 35 ہزار 245 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 115 فیصل آباد 18: محمد طاہر پرویز 49 ہزار 49 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، آزاد امیدوار محمد اصغر صرف 18 ہزار 98 ووٹ لے سکے۔
پی پی 116 فیصل آباد 19: احمد شہریار 48 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، آزاد امیدوار ملک اصغر علی قیصر 11 ہزار 429 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے اسماعیل سیلا کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات کے نتائج پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا
پی پی 203 ساہیوال 6: محمد حنیف 46 ہزار 900 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، آزاد امیدوار فلک شیر 10 ہزار 895 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 73 سرگودھا: سلطان علی رانجھا 71 ہزار 770 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، آزاد امیدوار مہر محسن رضا 12 ہزار 970 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 269 مظفر گڑھ 2: ن لیگ کو ایک ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پیپلز پارٹی کے میاں علمدار عباس قریشی 55 ہزار 611 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔




