پاکستانی شہری بڑی تعداد میں روزگار اور بہتر معاشی مواقع کی تلاش میں بیرون ملک مقیم ہیں۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق اس وقت مشرقی وسطیٰ پاکستانیوں کی سب سے بڑی میزبان خطہ ہے، جہاں مجموعی طور پر 52 لاکھ 19 ہزار 72 پاکستانی رہائش یا روزگار کے سلسلے میں موجود ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ملائیشیا میں ایک لاکھ 66 ہزار جبکہ تھائی لینڈ میں 50 ہزار پاکستانی مقیم ہیں۔
ریکارڈ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ وہ خطہ ہے جہاں پاکستانیوں کی سب سے بڑی تعداد رہتی ہے۔ سب سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب میں 24 لاکھ 58 ہزار کی تعداد کے ساتھ موجود ہیں۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 17 لاکھ 94 ہزار 792 پاکستانی رہائش پذیر ہیں۔ اسی خطے کے دیگر ممالک میں بھی پاکستانیوں کی قابلِ ذکر تعداد موجود ہے جن میں عمان میں 3 لاکھ 58 ہزار 593، قطر میں 3 لاکھ اور بحرین میں ایک لاکھ 20 ہزار پاکستانی شامل ہیں۔
کویت میں 88 ہزار 431 پاکستانی موجود ہیں جبکہ عراق میں 45 ہزار، اردن میں 18 ہزار، ایران میں 7 ہزار، سائپرس میں 970، مصر میں 500 اور لبنان میں 300 پاکستانی رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور ایف سی ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردوں کا حملہ، دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں
اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود پاکستانیوں کی مجموعی تعداد میں سب سے بڑا حصہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 47 فیصد جبکہ متحدہ عرب امارات میں 34 فیصد پاکستانی رہتے ہیں، جس کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں موجود پاکستانیوں کی مجموعی آبادی کا 80 فیصد صرف انہی دو ممالک میں رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول تبدیل، وجہ کیا بنی؟
یہ تمام اعداد و شمار بیرون ملک پاکستانیوں کی موجودگی سے متعلق ایک جامع تصویر پیش کرتے ہیں اور ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ میں بڑی تعداد میں موجود ہے، جہاں وہ روزگار کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔




