دانش سکولوں کا قیام وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کا انقلابی اقدام، فیصل راٹھور

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی پشت پر کھڑارہا ہے

پاکستانی عوام اور قیادت کی کشمیریوں سے لازوال محبت اور عالمی دنیا میں مسئلہ کشمیر کی بھرپور ترجمانی پر پوری کشمیری قوم پاکستانی عوام، سیاسی عسکری قیادت کی شکرگزار ہے۔

باغ آمد پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شبہاز شریف کو خوش آمدید کہتے ہوئے انکا شکریہ ادا کرتاہوں۔ معرکہ حق کے بعد پاکستان کا گراف پوری دنیا میں بڑھا ہے اور پاکستان کی ہر سطح پر عزت افزائی ہوئی ۔

وزیراعظم پاکستان ایسے موقع پر آزادکشمیر آئے جب انکی ضرورت تھی، وزیراعظم پاکستان نے ہمیشہ شفقت کی جس کا ثبوت یہاں دانش سکولوں کا قیام ہے

اس سے پہلے وزیراعظم پاکستان نے بھمبر میں بھی دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھاجو انکااس ریاست کے ساتھ محبت اور علم دوستی کا ثبوت ہے۔

خواہش ہے کہ ایل او سی کے علاقوں بالخصوص لیپہ اور حویلی میں بھی دانش سکول قائم کرنے کی شفقت ہوجائے۔جس تیز رفتاری سے آپ پاکستان میں کام کر رہے ہیں۔۔

آپ کی تقلید کرتے ہوئے کوشش کریں گے کہ ہم بھی یہاں اگلے آٹھ نو ماہ میں اسی رفتار سے عوام کی خدمت اور اعتماد حاصل کر سکیں۔ پاکستان کی سفارتی کامیابی کا کریڈٹ موجودہ حکومت پاکستان کوجاتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہم نے ووٹ دیا ضمیر نہیں بیچا،آزادکشمیر کا پانچواں وزیراعظم بھی آ سکتا ہے، فاروق حیدر

ان خیالات کا اظہارانہوں نے باغ میں دانش سکول کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ باغ میں دانش سکول کا سنگ بنیاد وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے رکھا۔

وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہاکہ دانش سکولوں کا قیام وزیراعظم پاکستان کا انقلابی قدم ہے جس سے کم آمدن والے افراد اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم کی جدید سہولیات میسرآرہی ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں نئی حکومت کے قیام سے عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں مظالم کی مثال نہیں ملتی،یہاں آزادکشمیر میں اگر سکون ہے تو اسکے پیچھے افواج پاکستان کی قربانیاں ہیں۔

ہمارا وکیل پاکستان ہے جو عالمی دنیا میں بہترین انداز میں ہماری ترجمانی کر رہاہے،کشمیری پر امید ہیں کہ پاکستان مسلہ کشمیر کو حل کروانے کے لیے اپنی حمایت اسی طرح جاری رکھے گا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں جب عوام سڑکوں پر تھے تو وزیر اعظم پاکستان نے ایک بہترین کمیٹی تشکیل دی جس نے ریاست کی عوام کے مسائل سنیے

حالات کو نارمل کرنے میں اپنا کردار اداکیا، مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی سرپرستی میں معاہدے پر عملدرآمد کروائیں گے۔

Scroll to Top