برطانیہ مسئلہ کشمیر حل کیلئے کردار ادا کرے، مذاکرات میں کشمیریوں کوبھی شامل کیا جائے، بیرسٹر سلطان

لندن ( کشمیر ڈیجیٹل)صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یہ برطانیہ کی دہری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز میں ممبران برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ کیونکہ یہ مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب برطانیہ اپنے 200 سالہ اقتدار کے خاتمے پر بر صغیر سے گیا اور کشمیری عوام 77سال گزر جانے کے باوجود بھی اپنی آزادی کے لئے آج تک اقوام عالم کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جس سے خطے کا امن خطرے میں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹی سے چنگاری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہےلہذا مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص برطانیہ اپنا کردار ادا کرے تاکہ خطے میں امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ جنوبی ایشیاء میں قیام امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔

مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات کی میز پر کشمیری عوام کو بھی بٹھایا جائے کیونکہ اس مسئلے کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہی ہیں لیکن انٹرنیشنل کمیونٹی اس سلسلے میں بھارت پر زور دے کے وہ مذاکرات سے سے پہلے مقبوضہ کشمیر میں اعتماد سازی کیلئے اقدامات کرے تاکہ مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہوں۔

کشمیری عوام کو  حق خودارادیت دلوانے کے لئے آواز اُٹھائیں گے،ممبران برطانوی پارلیمنٹ

اس موقع پربرطانوی ممبران پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین، ڈیبی ابراہمز، نیل ڈنکن جورڈن، جان ٹریکٹ ،طاہر علی، گراہم موریس ، میٹ ٹرمین ، جان میکڈونل ،ہرپریت اوپال ،لارڈ قربان حسین، آئن لیوری ، جیس اتوال ، محمد اقبال ، اینڈریو پیکس، ایوب خان، بیرونس پولا الدین، بیرونس نوشینا شاہین مبارک ،بیرونس شائستہ گوہر،گل فرنس، پاؤلہ بارکر ،کیٹ ڈئیرڈن، سیلی جیمسن، مینولا پر ٹیگلیلا، اینا ڈکسن، ول فوسٹر اور دیگر ممبران برطانوی پارلیمنٹ نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ ہم برطانوی پارلیمنٹ، برطانوی حکومت سمیت ہر فورم پر کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے آواز اُٹھائیں گے۔

اس موقع پر برطانوی ممبر پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین نے صدر آزادکشمیر  کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ہمیشہ کی طرح برطانوی پارلیمنٹ میں آکر ہمارے ضمیر کو جھنجوڑتے ہیں۔

برطانوی ممبر پارلیمنٹ ڈیبی ابراہمز نے کہا کہ ہم صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مشکور ہیں کہ وہ یہاں پر تشریف لائے اور ہمیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر آگاہی دی اور ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ برطانوی پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے آواز اُٹھائیں گے۔

Scroll to Top