مظفرآباد: آزاد کشمیر مظفرآباد پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے مظفرآباد سے قتل کے مقدمے میں مطلوب مفرور ملزم کو دبئی سے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق دبئی میں تمام قانونی پراسیس مکمل کرنے کے بعد دبئی پولیس نے ملزم کو مظفرآباد پولیس کے حوالے کر دیا۔ ذرائع نے اس کارروائی کو قانون کو کمزور سمجھنے والے ناسمجھوں کے لیے ایک واضح پیغام قرار دیا۔
بتایا گیا ہے کہ انتہائی مطلوب سزا یافتہ مجرم راجہ جاوید کو دبئی، متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا۔ راجہ جاوید مظفرآباد میں قتل کے جرم میں مطلوب تھا اور کافی عرصے سے مفرور چلا آ رہا تھا۔ کارروائی کے سلسلے میں ڈی ایس پی راجہ فیصل شفیق، انسپکٹر راجہ سہیل خان اور انسپکٹر راجہ زائد عمر نے دبئی پولیس سے رابطہ قائم کیا اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے لیے دبئی روانہ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں غیر قانونی چائنہ کٹنگ ، انسانی جانوں کو خطرہ
معلومات کے مطابق تینوں افسران نے دبئی میں ایک ہفتے سے زیادہ کا عرصہ قانونی پراسیس مکمل کروانے میں گزارا۔ اس دوران دبئی پولیس نے تمام تقاضے پورے ہونے کے بعد مجرم راجہ جاوید کو باضابطہ طور پر مظفرآباد پولیس کے حوالے کیا۔ حوالگی کا عمل مکمل ہونے کے ساتھ ہی مظفرآباد پولیس ملزم کو لے کر آزاد کشمیر روانہ ہو چکی ہے تاکہ مقدمے سے متعلق کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: آزاد جموں کشمیر کی اٹھارہ رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
واقعہ سے متعلق ذرائع نے کہا ہے کہ یہ گرفتاری نہ صرف مظفرآباد پولیس کی بڑی کامیابی ہے بلکہ قانون سے بھاگنے والے کسی بھی مجرم کے لیے ایک اہم مثال بھی ہے۔ چونکہ راجہ جاوید طویل عرصہ سے قتل کے مقدمے میں مفرور تھا، اس لیے اس کی گرفتاری کو تحریری اور عملی طور پر قانون کی بالادستی کا عمل قرار دیا جا رہا ہے۔




