مظفر آباد انتظامیہ جاگ گئی، بدوں فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی گاڑیاں، رکشے ضبط کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد(مسعود الرحمن عباسی سے) کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹس پر ایکشن، مظفر آباد انتظامیہ نے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ ، بدوں پرمت چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں ، رکشوں اور رانگ پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فوری عملدرآمد بھی شروع کردیا۔

کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمٰن کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ کے حوالہ سے اہم اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر مدثر فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی ودیگر نے شرکت کی۔

ریاستی دارالحکومت میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے تدارک کیلئے غلط پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کے علاوہ ڈرائیوروں کو بھاری جرمانے عائد کرنے پر بھاری اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شاہ سلطان پل ،گڑھی پن چوک اور بینک روڈ پر موجود خود ساختہ اڈے بھی ختم کئے جائیں گے۔

بائیکیا کے حوالہ سے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایسے بائیک رائیڈرز جو پبلک مقامات پر کھڑے رہ کر ٹریفک کی روانی کو متاثر کرتے ہیں اور بدوں نمبر پلیٹ موٹر سائیکل چلا رہے ہیں کیخلاف بھی موثر کارروائی عمل میں لائے جائے گی۔

یاد رہے کشمیر ڈیجیٹل نے گزشتہ سات دنوں میں 2بارشہر میں ٹریفک جام اور غیر قانونی اڈوں کے حوالے سے دو رپوٹس جاری کیں تھیں جس پر انتظامیہ نے ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

دریں اثناء انتظامیہ نے شہر کے اندر غلط پارکنگ کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے یلو لائن کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو بذریعہ لفٹر ضبط کر لیا ۔

اسسٹنٹ کمشنر غلام محی الدین گیلانی نے میونسپل مجسٹریٹ اور ٹریفک پولیس کی ٹیموں کے ہمراہ جمعرات کے روز سی ایم ایچ روڈ پر غلط پارکنگ کے خلاف کارروائی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے غلام محی الدین گیلانی نے کہا غلط پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل مظفرآباد کے شہریوں کے لیے مسلسل اذیت کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا شہریوں سے اپیل ہے کہ سڑک پر غلط پارکنگ کر کے سب کیلئے عذاب بننے کے بجائے پارکنگ کا استعمال کر کے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

Scroll to Top