ڈی جی آئی ایس پی آر کی طلباء و اساتذہ کے ساتھ معلوماتی نشست

راولپنڈی: (کشمیر ڈیجیٹل) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے دی ملینیم یونیورسل کالج اور فیوچر ورلڈ سکول میں طلبہ و اساتذہ کے ساتھ خصوصی معلوماتی نشست کا انعقاد کیا۔

اس نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ملک کی داخلی صورتحال اور ملکی دفاع کی اہمیت پر نوجوانوں سے تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر طلباء اور اساتذہ نے پاک فوج کے کردار اور خدمات کو سراہتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اساتذہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نہ صرف ملک کی خودمختاری اور قومی سالمیت کے تحفظ کو یقینی بناتی ہیں بلکہ عوام کی حفاظت میں بھی نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کی نشست نے طلبہ کو روایتی سوچ سے ہٹ کر غوروفکر کرنے کا موقع فراہم کیا اور انہیں پاکستانیّت، فعال شہریت اور سماجی ذمہ داریوں کے حقیقی تصور سے روشناس کرایا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر کا طلبا کے ساتھ پاکستان آرمی کے کردار پر اجلاس

طلبہ نے اس موقع پر کہا کہ معرکہ حق میں پاک افواج کے کردار نے نوجوانوں میں پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کا عزم مزید مضبوط کیا ہے۔ طلبہ نے یہ بھی واضح کیا کہ میڈیا پر خبروں کو بغیر تجزیہ اور تصدیق کے پھیلانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے اور اس نشست نے انہیں اس بات کا احساس دلایا۔

اس خصوصی سیشن کے اختتام پر طلبہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ “پاک فوج ہم سے اور ہم پاک فوج سے ہیں”، جس سے ملک کے نوجوانوں میں حب الوطنی اور قومی دفاع کے جذبے کو تقویت ملی۔

یہ بھی پڑھیں: ای ٹیگ کے بغیر اسلام آباد میں گاڑیوں کا داخلہ بند، ڈیڈلائن مقرر

یہ نشست نہ صرف طلبہ و اساتذہ کے لیے معلوماتی ثابت ہوئی بلکہ اس نے نوجوانوں میں قومی شعور، ذمہ داری اور ملکی دفاع کے تئیں عزت و احترام کے جذبے کو بھی فروغ دیا۔

Scroll to Top