مظفرآباد ،اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک باضابطہ طور پر جمع کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مشاورت کے بعد تحریک جمع کرانے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد قیادت نے اپنے تمام ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر مظفرآباد پہنچ جائیں ۔
ادھر پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کے لیے پارٹی کے سیکرٹری جنرل فیصل راٹھور کو اُمیدوار نامزد کر دیا ہے ۔ فیصل راٹھور کی نامزدگی کا اعلان راجا پرویز اشرف اور چوہدری یاسین نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد جموں و کشمیر کے نئے نامزد وزیر اعظم کون ہیں ؟
آئینی قواعد کے مطابق تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد تین سے سات دن کے اندر اندر اسمبلی اجلاس بلا کر اس پر رائے شماری کروانا لازمی ہے ۔
باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ بھرپور انداز میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آئینی ترمیم:پیپلز پارٹی نے صدر اور نیب کے حوالے سے اہم مطالبات پیش کر دیے
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اس تحریک میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کرے گی اور توقع ہے کہ تحریک عدم اعتماد آج ہی جمع کرا دی جائے گی ۔
مزید یہ کہ پاکستان میں ایک آئینی ترمیم کے باعث عدم اعتماد کی تحریک جمع کرانے میں تاخیر ہوئی تھی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں بڑا سیاسی اتحاد، بیرسٹرسلطان گروپ کا پیپلز پارٹی کی غیر مشروط حمایت کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق تحریک کی کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار ہوتے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ انہیں آزاد کشمیر اسمبلی میں 40 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے ۔




