امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن ختم، کانگریس سے اخراجاتی بل منظور

واشنگٹن: امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن بالآخر اختتام کو پہنچ گیا۔ سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان میں بھی حکومتی اخراجات سے متعلق بل منظور کرلیا گیا، جس کے بعد حکومتی اداروں کی سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہوگئیں۔

ایوان نمائندگان میں 6 ڈیموکریٹس سمیت 222 ارکان نے بل کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ 2 ریپبلکن سمیت 209 ارکان نے مخالفت کی۔ بل کو منظوری کے بعد دستخط کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس بھیج دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ، کم شرح سود سے خریداروں کی واپسی

امریکی سینیٹ اور کانگریس سے عارضی فنڈنگ بل کی منظوری کے نتیجے میں یکم اکتوبر سے جاری شٹ ڈاؤن ختم ہوا، جو امریکی تاریخ کا سب سے طویل حکومتی تعطل قرار دیا جا رہا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق، منظور شدہ بل کے تحت 30 جنوری تک وفاقی حکومت کے لیے فنڈز دستیاب ہوں گے، جس سے مالی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں گی۔

بل کا بنیادی مقصد غذائی امدادی اسکیموں کی بحالی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی اور ایئر ٹریفک کنٹرول نظام کو دوبارہ فعال بنانا ہے۔

یہ اقدام امریکی قانون سازوں کی جانب سے طویل مالی بحران اور وفاقی خدمات میں پیدا ہونے والے خلل کے بعد اٹھایا گیا، جس نے ملک بھر میں متعدد سرکاری اداروں کی کارکردگی کو متاثر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات میں اڑنے والی ٹیکسی کی کامیاب پروازسے نئی تاریخ رقم

امریکی میڈیا کے مطابق، اس بل کی منظوری سے نہ صرف وفاقی محکموں کی کارکردگی بحال ہوگی بلکہ لاکھوں سرکاری ملازمین کو مالی مشکلات سے بھی نجات ملے گی۔

Scroll to Top