کیڈٹ کالج وانا کلیرنس آپریشن: ایس ایس جی کمانڈو نے تفصیلات بتا دیں

ساؤتھ وزیرستان/اسلام آباد: جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں کیڈٹ کالج پر افغان خوارج کے دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے والے آپریشن کے کمانڈر کرنل محمد طاہر نے کہا ہے کہ حملے کے باوجود کیڈٹس اور اساتذہ کا حوصلہ بلند ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے نہ صرف ایک ممکنہ سانحے کو روکا بلکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو بھی ناکام بنایا۔

کرنل محمد طاہر کے مطابق یہ واقعہ 10 نومبر کو پیش آیا، جب پانچ افغانی خوارج نے کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا، “خوارج نے اس تعلیمی ادارے کو نشانہ بنایا جو پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کی عوام کے لیے ایک قیمتی تحفے کے طور پر قائم کیا ہے۔”

کرنل طاہر نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکہ کیا جبکہ دیگر چار دہشت گرد اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ “خوارج نے پہلے زیرِ تعلیم کیڈٹس کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ان کے تمام مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کو مخصوص بلاک تک محدود کر کے طلبہ کی حفاظت یقینی بنائی۔ “رات 10 سے ساڑھے 10 بجے کے درمیان بھرپور آپریشن کے بعد تمام خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ الحمدللّٰہ، ہم نے ایک بڑے سانحے کو ہونے سے بچا لیا۔”

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں غیر قانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی میں غیر معمولی تیزی

واقعے کے دوران موجود کیڈٹس نے بتایا کہ حملہ اس وقت ہوا جب وہ ڈرل مقابلے کی تیاری کر رہے تھے۔ ایک کیڈٹ نے کہا، “ہمیں فوراً اندازہ ہو گیا کہ یہ حملہ تعلیم کے دشمنوں نے کیا ہے، جو ہمیں علم کے راستے سے روکنا چاہتے ہیں، مگر ہم ڈٹے رہیں گے۔”

ایک اور کیڈٹ نے بتایا، “جب دھماکہ ہوا تو سارے کیڈٹس میدان میں موجود تھے۔ ہمارے اساتذہ نے ہمیں تسلی دی کہ پاک فوج پہنچ چکی ہے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ فوج کے جوان ہمارے درمیان ڈھال کی طرح کھڑے رہے، کچھ نے شہادتیں بھی دیں، مگر ہمیں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔”

یہ بھی پڑھیں: دہلی دھماکے:ارنب گوسوامی نے اپنی حکومت پر سنگین سوالات اٹھادیے

اساتذہ اور طلبہ کا کہنا تھا کہ تعلیم دشمن عناصر کے یہ بزدلانہ حملے انہیں خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ ایک کیڈٹ نے پرعزم لہجے میں کہا، “تعلیم کے دشمن کچھ بھی کر لیں، ہمیں علم کے سفر سے نہیں روکا جا سکتا۔”

سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ حملہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغان خوارج پاکستان کے تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا کر خوف و دہشت پھیلانا چاہتے ہیں، تاہم وانا آپریشن نے یہ ثابت کیا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور عوام اس کے خلاف متحد ہیں۔

پاک فوج کے جوانوں نے وانا کیڈٹ کالج پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے بہادری کی نئی مثال قائم کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی براہِ راست نگرانی میں ہونے والے اس آپریشن نے ایک بڑے سانحے کو روکا، جبکہ کیڈٹس اور اساتذہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے اور تعلیم دشمنوں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔

Scroll to Top