اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوان صدر میں ملاقات ہوئی ہےجس میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی گئی اور ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آبادخودکش حملہ کی مذمت،ملزمان کوکٹہرے میں لایا جائے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
دونوں قائدین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزراء سید محسن رضا نقوی، چوہدری سالک حسین، اعظم نذیر تارڑ، خالد حسین مگسی اور عبدالعلیم خان بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ اسلام ٓآباد کے سیکٹر جی11میں ہونیوالے خودکش دھماکے میں 12افراد شہید ہوئے ہیں اور36زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد سکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں جبکہ جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں کیڈٹ کالج پر بھی دہشتگردوں نے حملہ کیا جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنایا اور تمام 5دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آبادکچہری خود کش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار، حملہ آور کا تعلق باجوڑ سے نکلا
ذرائع کے مطابق ملاقات میں 27ویں آئینی ترمیم کی سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی سے منظوری کے حوالے سے بھی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔




