مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) ناظم صنعت وتجارت وکنٹرولر پرائس آزادکشمیر نے نئے تعینات ہونے والے انسپکٹرز کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کردی۔
مظفرآباد میں ناظم صنعت وتجارت امجد علی مغل سے نئے تعینات ہونے والے انسپکٹرز نے ملاقات کی ، سپیشل مجسٹریٹ پرائس کنٹرول مظفرآباد راجہ جاوید انور،اسپیشل مجسٹریٹ جہلم ویلی بھی موجود تھے۔
نئے انسپکٹرز کو محکمہ خوراک کے کنٹرول روم کا دورہ بھی کرایا گیا، ایس پی مظفرآباد ریاض حیدر بخاری نے نو تعینات انسپکٹرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اس سسٹم کی بہتری کے لئے بھرپور کردار ادا کریں، انسپکٹرز کو فیلڈ میں پرائس کنٹرول پر عملی ٹریننگ بھی دی گئی۔
کنٹرولر پرائس امجد علی مغل نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صارفین کی سہولت کیلئے نظامت صنعت وتجارت میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے آزاد کشمیر بھر سے صارفین جاری شدہ انراخ پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں رابطہ کر سکتے ہیں۔
محکمہ صنعت وتجارت کے سپیشل مجسٹریٹ کسی بھی شکایت کے ازالہ کیلئےہمہ وقت دستیاب ہو نگے۔ امجد علی مغل نے ضلعی پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کی سہولت کے لیے ہر15دن بعد میٹنگ کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سنٹرل پرائس کنٹرول کمیٹی چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے ہدایات جاری کی ہیں کہ جاری شدہ انراخ پر عملدرآمد اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:بلدیاتی نمائندے بے اختیار،15 فروری کو حکومت کیخلاف لائحہ عمل دینگے، چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی