چلاس : گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں گندلو کے مقام پر بدترین لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث 6 گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں جبکہ 2 گاڑیاں دریا میں جا گریں۔
جیو نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ منگل کی صبح چلاس کے علاقے گندلو میں پیش آیا جہاں اچانک پہاڑی تودہ گرنے سے شاہراہِ قراقرم پر موجود متعدد گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی مسافر گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں، جن میں سے بعض گاڑیاں مکمل طور پر ملبے میں دب گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ مسافروں کے ملبے تلے دب جانے کی اطلاعات ہیں، تاہم ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے ذریعے بھارت نے اسلام آباد میں دھماکا کروایا، سیکیورٹی ذرائع
ایم ایس ریجنل ہیڈ کوارٹر اسپتال کے مطابق حادثے کے بعد چلاس اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ریسکیو کی 3 گاڑیاں اور 7 اہلکار موقع پر آپریشن میں مصروف ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے ممکنہ زخمیوں کے لیے اضافی میڈیکل اسٹاف بھی طلب کر لیا ہے تاکہ بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
فیض اللہ فراق نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے افسوسناک حادثے پر فوری نوٹس لے لیا ہے اور سیکریٹری داخلہ کو ریسکیو عمل تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ترجمان کے مطابق علاقے میں بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے تاکہ متاثرہ گاڑیوں اور مسافروں تک جلد رسائی حاصل کی جا سکے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے شاہراہِ قراقرم پر ٹریفک کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے اور مسافروں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ موقع پر پولیس اور مقامی رضاکار بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ویوو کا پاکستان میں آفیشل ای اسٹور کا آغاز،خصوصی آفرز اور انعامات
حادثے کے باعث علاقے میں مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر علاقے کا رخ نہ کریں تاکہ ریسکیو کارروائیوں میں رکاوٹ نہ پڑے۔




