اسلام آباد: اسلام آباد کی کچہری کے پارکنگ ایریا میں منگل کی دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے ایک زور دار دھماکا ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں پارکنگ ایریا میں آگ لگ گئی اور قریب کھڑی متعدد گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔
جیونیوز کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ دھماکا گاڑی میں نصب سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔ اس واقعے میں کچھ وکلا اور سائلین زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت کچہری ایریا میں لوگوں کی آمدورفت زیادہ تھی، جس کی وجہ سے سائلین بھی متاثر ہوئے اور زخمیوں میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فالس فلیگ آپریشنز کی حقیقتیں دوبارہ بے نقاب
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ واقعہ سلنڈر دھماکے کے طور پر معلوم ہوتا ہے، تاہم اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور آگ پر قابو پانے کے لیے متعلقہ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
دھماکے کے بعد کچہری کے داخلی و خارجی راستوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تاکہ ریسکیو اور حفاظتی کارروائیاں بلا تعطل انجام دی جا سکیں۔ پولیس اور امدادی ادارے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک روزگار کے لیے پاکستانیوں پر بڑی شرط عائد
واقعے کے فوری بعد کچہری کے عملے اور پولیس نے ایریا کو سیل کر کے کسی بھی مزید حادثے سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں دھماکے کی وجوہات معلوم کرنے اور ممکنہ خطرات کی نشاندہی کے لیے تحقیقات میں مصروف ہیں۔




