ایپل کے 2026 میں آنے والے آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کے بارے میں دلچسپ تفصیلات سامنے آگئیں۔
ایپل کے 2026 میں متوقع آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کے بارے میں اہم معلومات سامنے آئی ہیں، جنہوں نے ٹیکنالوجی کے شوقین افراد کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔ کمپنی اپنے نئے ماڈلز میں ایسے جدید فیچرز متعارف کرانے جا رہی ہے جو نہ صرف ڈیزائن بلکہ کارکردگی کے لحاظ سے بھی پہلے تمام ماڈلز سے مختلف ہوں گے۔
ان ماڈلز میں 48 میگا پکسل مین کیمرہ اور 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس شامل ہوں گے، جن میں سونی کے جدید سینسرز استعمال کیے جائیں گے تاکہ کم روشنی میں بھی اعلیٰ معیار کی تصاویر اور ویڈیوز لی جا سکیں۔ فون کا فریم ٹائٹینیم سے تیار کیا جائے گا، جو اسے مضبوط اور پائیدار بنائے گا، جبکہ ایلومینیم کی تہہ حرارت کے اخراج میں مدد دے گی تاکہ فون کا درجہ حرارت معمول پر رہے۔
یہ بھی پڑھیں:مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کا 148 واں یومِ پیدائش آج منایا جارہا ہے
ایپل 2026 میں اپنا پہلا فولڈایبل آئی فون بھی متعارف کرانے کی تیاری میں ہے، جو کتاب کی طرح کھلنے والے ڈیزائن کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔ اس ماڈل میں 5.5 انچ کا بیرونی اور 7.8 انچ کا اندرونی فولڈایبل ڈسپلے شامل ہوگا۔ فون میں سام سنگ کا تیار کردہ الٹرا تھن گلاس استعمال کیا جائے گا، جو اس کی مضبوطی کو مزید بہتر بنائے گا۔ اندرونی اسکرین پر نوچ یا پنچ ہول نہیں ہوگا، جس سے صارفین کو مکمل اور ہموار ویو ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیٹ پر پاکستانی شہریوں کا ڈیٹافروخت کرنیوالا ملزم گرفتار
ایپل کے مطابق، نئے ماڈلز میں خود تیار کردہ 5G موڈم شامل کیا جائے گا، جو نیٹ ورک اسپیڈ اور کارکردگی میں نمایاں بہتری لائے گا۔ فولڈایبل آئی فون کی قیمت 1800 سے 2500 امریکی ڈالر کے درمیان ہونے کی توقع ہے، جو آئی فون 17 پرو میکس کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہوگی۔




