(کشمیر ڈیجیٹل)مسلمانوں کے لیے آزاد ملک کا خواب دیکھنے والے اور انسانی روح کو بیدار کرنے والے مفکرِ پاکستان اور شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 148واں یومِ پیدائش آج پورے ملک میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
محکوم قوموں کو جاگ اٹھنے، اپنی حیثیت پہچاننے اور ایک نئی تہذیب تعمیر کرنے کا سبق دینے والے شاعرِ مشرق کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوگی۔ اس تقریب میں پاک فوج کے دستے اپنی روایتی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ ہر سال 9 نومبر کو شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کو “یومِ اقبال” کے طور پر پورے پاکستان میں عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔ اس دن مختلف تقریبات، اجتماعات اور تقاریر کے ذریعے اقبال کے افکار، فلسفہ اور خدمات کو یاد کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اولمپکس 2028 میں کونسی کرکٹ ٹیموں کو شرکت متوقع ہے؟ فارمولا طے
علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزاد ریاست کے خیال کو جنم دیا۔ اُن کے الفاظ میں وہ غیر معمولی طاقت تھی جس نے امتِ مسلمہ کے دلوں میں حوصلہ، بیداری اور جدوجہد کا جذبہ پیدا کیا۔ انہوں نے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کے لیے جداگانہ قومیت کا احساس اُجاگر کیا۔ ان کے کلام میں ایمان، خودی اور عمل کا پیغام نمایاں ہے، جس نے محکوم قوموں کو نئی زندگی دی۔
اُن کے افکار نے اُمید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نا صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔ اقبال کے فلسفے نے ایک ایسا فکری انقلاب پیدا کیا جس نے غلام ذہنوں کو آزاد سوچ عطا کی۔ ان کے پیغام نے مسلمانوں کے اندر اپنی شناخت کا احساس بیدار کیا اور انہیں یہ سمجھایا کہ آزادی ہی کامیابی کی بنیاد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈنمارک نے بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگادی
یاد رہے کہ مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ اُنہوں نے 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پائی۔ اُن کے خیالات، شاعری اور وژن آج بھی رہنمائی کا سرچشمہ ہیں اور ان کا پیغام ہر دور میں تازہ رہتا ہے۔




